• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مذہبی جماعتوں کا مقابلہ 70سال سے قابض سیکولر قوتوں سے ہے ،فضل الرحمان

لکی مروت(نمائندہ جنگ) متحدہ مجلس عمل کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ مذہبی جماعتوں کا مقابلہ سیکولر اور روشن خیال قوتوں سے ہے جو 70 سال سے ملک کے سیاسی نظام پر قابض ہیں اور یہاں فحاشی کے ساتھ ساتھ مغربی تہذیب کو فروغ دینا چاہتی ہیں ایسے نظریہ کی اسلام میں کوئی گنجائش نہیں ہے، علماء کے حق میں ووٹ استعمال کرنے سے باطل قوتوں کو پیغام جائے گا کہ پاکستان میں ان کے لئے کوئی جگہ ہے ۔ وہ چلڈرن پارک لکی مروت میں انتخابی جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے ۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 25 جولائی کو عوام مستقبل کی قیادت منتخب کریں گے لوگ ووٹ کی اہمیت سمجھیں یہ محض کاغذ کا ٹکڑا یا پرچی نہیں اس پر حکمرانوں کے انتخاب کا فیصلہ ہوتا ہے سوچ سمجھ کر ووٹ استعمال کریں تاکہ حق پر قائم قوتیں برسراقتدار آئیں اور باطل قوتیں شکست سے دوچار ہوں۔ علما ء کے حق میں ووٹ استعمال کرنے سے باطل قوتوں کو پیغام ملے گا کہ پاکستان کے مستقبل میں ان کے لئے کوئی جگہ ہے نہ ان کی پروردہ فحاشی، بے حیائی اور یہود و مغربی تہذیب کے لئے کوئی جگہ ہے۔

تازہ ترین