ڈیرہ اسماعیل خان، راولپنڈی( نمائندہ جنگ ، مانیٹرنگ ڈیسک)ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی کے علاقہ محلہ کمال خیل میں نوری دربار کے قریب انتخابی مہم کے دوران سابق صوبائی وزیرزراعت خیبرپختونخوا اور پی ٹی آئی کے PK99 کلاچی سے نامزد امیدوار سرداراکرام اللہ خان گنڈا پوردوساتھیوں سمیت خود کش بم حملہ میں شہید ہو گئے جبکہ پانچ دیگر ا فرادزخمی ہوگئے‘ خیبرپختونخوا کے نگراں وزیراعلیٰ جسٹس (ر)دوست محمدخان نے خودکش دھماکے کے تحقیقات کیلئے اعلیٰ سطح کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں ایس پی ،ایس ایس پی ہیڈکوارٹرز،ڈی ایس پی انوسٹی گیشن کے علاوہ آئی بی ،آئی ایس آئی اورایم آئی کے نمائندے شامل ہیں۔ نگراں وزیراعلیٰ نے ڈی آئی خان انتظامیہ سے 12گھنٹے کے اندروقوعہ کی جامع رپورٹ بھی طلب کی ہے۔تفصیلات کے مطابق تھانہ کلاچی کی حدود میں کلاچی شہر کے محلہ کمال خیل میں نوری دربار کے قریب سرداراکرام خان گنڈہ پورانتخابی مہم کے سلسلے میں اکرام کمال خیل کے گھر سے نکلے اور گاڑی میں بیٹھ رہے تھے کہ ذرائع کے مطابق ایک خود کش حملہ آور نے گاڑی کے قریب آکر خود کو اڑادیا جس سے زورداردھماکہ ہوا ‘دھماکہ کے نتیجے میں اکرام خان گنڈا پور،ان کا ڈرائیور محمد رمضان ،سابق یوسی ناظم درابن نجیب شاہ ،گن مین دلنواز، گن مین عبدالرزاق اورراہگیر سیف الرحمان زخمی ہوگئے جن کو فوری طورپراپنی مددآپ اور ریسکیو 1122کی ایمبولینسز کے ذریعے سول ہسپتال ڈیرہ اورسی ایم ایچ ہسپتال منتقل کردیاگیا جہاںاکرام خان گنڈا پورزخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے جبکہ ان کا ڈرائیوررمضان اور گن مین دل نواز شدیدزخمی بتائے جاتے ہیں ۔دونوںکو تویشناک حالت میں پشاور منتقل کر دیا گیا ہے ۔ دھماکہ اتنا زوردارتھاکہ اکرام خان گنڈا پوا کی گاڑی کو شدید نقصان پہنچاجبکہ قریبی مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔ واقعے کی اطلاع پرپولیس وسیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ڈپٹی کمشنر ڈی آئی خان نعمان افضل آفریدی نے بتایا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی میں خودکش حملے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے پی ٹی آئی امیدوار سردار اکرام اللہ خان گنڈا پور طبی امداد کے دوران چل بسے۔کلاچی خود کش حملے کے مزید تین زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے جب کہ اکرام اللہ گنڈاپور کے ڈرائیور اور گن مین کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔کلاچی دھماکے کے بعد پولیس اور سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور جائے وقوعہ پر حصار بناتے ہوئے وہاں کسی کو بھی جانے کی اجازت نہیں دی جارہی۔عینی شاہد کا کہنا ہے کہ دھماکے کی جگہ پر ایک انسانی سر اور ٹانگیں بھی موجود ہیں۔دریں اثناء پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے ڈیرہ اسماعیل خان خودکش حملے میں اکرام اللہ گنڈاپور کی شہادت پر مذمت کرتے ہوئے کہنا ہے کہ سیاسی رہنماؤں کو امن اور جمہوری عمل کے دشمن نشانہ بنا رہے ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اکرام اللہ گنڈا پور کی خودکش حملے میں شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہم ایک اور محب وطن سیاسی رہنما سے محروم ہوگئے ہیں جبکہ سیاسی رہنماؤں کو امن اور جمہوری عمل کے دشمن نشانہ بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم پر عزم اور ثابت قدم ہیں، ہمارے شہداء کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان‘شہبازشریف‘پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ، سینیٹر رحمان ملک اور دیگر رہنمائوں نے اکرام اللہ گنڈاپور پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔