مری(آن لائن)سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے این اے 57میں اپنا ووٹ کاسٹ کردیا اور جیت کی امید بھی ظاہر کی۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنا ووٹ مری کے ابائی حلقے این اے57کے دیول پولنگ اسٹیشن پر کاسٹ کرنے گئے تو وہاں پر انہیں بتایا گیا کہ ان کا ووٹ اپر دیول کے پولنگ اسٹیشن پر منتقل ہوگیا ہے جس کی وجہ سے شاہد خاقان کو دشوار گزار راستوں سے ہوکر اپر دیول پولنگ اسٹیشن پر جانا پڑا اور وہاں پر انہوں نے جاکر اپنا ووٹ کاسٹ کیا اور لوگوں سے ملے جلے بھی اس موقع پر شاہد خاقان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا رات کے12بجے پولنگ اسٹیشن تبدیل کر دیا گیا حالانکہ منع بھی کیا لیکن محکمہ زراعت والوں نے پولنگ اسٹیشن کو تبدیل کیا جس سے تکلیف کا سامنا کرنا پڑا۔