مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ الیکشن نتائج میں بلاوجہ تاخیر کی گئی، نتائج مسترد کرتے ہیں، آر ٹی ایس سسٹم کا فیل ہونا غلطی نہیں بد نیتی تھی۔
لاہورمیں مسلم لیگ ن کی سینٹرل ایگزیکٹو باڈی اجلاس کےبعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ فارم 45 سے متعلق تمام سیاسی جماعتوں کو شدید تحفظات ہیںجبکہ ملتان، فیصل آباد اور پنڈی ڈویژن کو ٹارگٹ کیا گیا۔
ان کا کہناتھاکہ آج کا اجلاس انتہائی اہم تھا جس میں الیکشن اور نتائج پر بات کی گئی، سی ای سی کے سامنے دھاندلی کے ثبوت رکھے گئےجبکہ شرکاء کا کہناتھاکہ الیکشن نتائج میں بلاوجہ تاخیر کی گئی اور کیا آر ٹی ایس سسٹم کا بیٹھ جانا اتفاق تھا، اس کی تحقیقات ہونی چاہیے۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ کل اسلام آباد میں آل پارٹیز کانفرنس طلب کی ہے جس میں اپوزیشن پارٹیاں شرکت کریںگی جہاں مشترکہ وائٹ پیپرز بھی جاری کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ پیپلز پارٹی کی کارکردگی سب کے سامنے ہے، پنجاب کی ترقی کے باوجود لاڈلے کو نوازا گیا ،ہم وہ کام نہیں کریں گے جو 5 سال میں پی ٹی آئی نے کیےاور مینڈیٹ چوری ہونے کا معاملہ آسانی سے ہضم نہیں ہونے دیںگے۔
لیگی ترجمان نے کہا کہ نواز شریف نے واضح طورپر کہا ہے کہ جہلم جلسے کے بعد وہاں پی ٹی آئی کا کلین سوئپ حیران کن ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ عوام کا مینڈیٹ چوری کیا گیا تاہم نتائج مکمل ہونے کے بعد پنجاب میں حکومت بنانے سے متعلق غور کریںگے۔