لاہور(خصوصی رپورٹر)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ عمران خان اور تحریک انصاف کو اس شاندار کامیابی پرمبارکباد دیتا ہوں خواہش ہے کہ عمران خان وفاق،پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں اپنی حکومت بنائیں۔دھاندلی کے الزامات ہر الیکشن پر لگتے رہے ہیں ،نواز شریف ، شہباز شریف کھلے دل سے انتخابی نتائج قبول کر کے ووٹ کو عزت دیں۔شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کو انصاف دلوانے اور قاتلوں کو جیلوں میں بند کرنے کی ذمہ داری عمران خان کے کندھوں پر ہے اور میں امید رکھتا ہوں کہ وہ اس ذمہ داری کو نبھائیں گے۔ وہ گزشتہ روز تنظیمی دورہ کے سلسلہ میں آسٹریا سے جرمنی پہنچنے پر عہدیداروں، کارکنوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کا بطور جماعت الیکشن میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ اصولوں پر مبنی تھا،نظام کی اصلاح کے حوالے سے ہم اپنے موقف پر کھڑے ہیں،انتخابات سے صرف حکومتیں اور چہرے بدلتے ہیں، جبکہ ملک و قوم کی بہتری نظام بدلنے میں ہے۔ عمران خان نے بھی نظام بدلنے کی کٹھن جدوجہد کی، میں آرزو مند ہوں کہ اب نظام بدلنے کا راستہ ہموار ہو۔ انہوں نے کہا کہ میں جمہوریت کا قائل ہوں اور حالیہ عام انتخابات میں جمہوری عمل کو آگے بڑھانے کیلئے پاکستان عوامی تحریک کی ملک بھر کی تنظیمات نے ووٹ کے آئینی حق کا استعمال کیا۔ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ شریف برادران کرپشن ریفرنسز پر آنیوالے فیصلوں پر تنقید کرتے تھے اور کہتے تھے کہ اصل فیصلہ 25جولائی کو عوام کی عدالت سے آئے گا ،عوام کی عدالت نے بھی اپنا فیصلہ سنا دیا ہے اب وہ اسے تسلیم کریں ۔