اولڈہم( تنویر کھٹانہ) نوجوان بچوں میں تھائی باکسنگ کے بڑھتے رجحان کے پیش نظر اولڈہم کے پاکستانی کمیونٹی سینٹر میں ٹیم تاز موا تھائی کے زیر انتظام تھائی باکسنگ ٹورنامنٹ کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں برطانیہ بھر سے مختلف ٹیموں نے شرکت کی۔ ٹورنامنٹ آرگنائزر تنویر طارق کا کہنا تھا کہ اس ایونٹ کا مقصد کمیونٹیز کو ایک دوسرے کے قریب لانا اور بچوں کی دفاعی صلاحیتوں کو ابھارنا ہے۔تھائی باکسنگ برطانیہ میں ایشیائی کمیونٹی میں بہت مقبول ہے اور نئے ٹیلنٹ کو آگے لانے کے لیےایسے ایونٹ کروانے بہت ضروری ہےتاکہ بچوں کو صحت مند ماحول دیا جاسکے۔ ٹورنامنٹ میں شریک دیگر شرکاکا کہنا تھا کہ بچوں کو اگر صحت مند سرگرمیاں دی جائیں تو وہ منشیات یا دیگر برےکاموں سے دور رہتے ہیں۔ ذہنی طور پر پریشان بچے بھی اپنی پریشانی کو باکسنگ رنگ میں نکال کر پرسکون محسوس کر سکتے ہیں۔ پاکستانی کمیونٹی سینٹر میں منعقدہ ٹورنامنٹ میں پچاس سے زائد فائٹس کے لیےسو کے قریب باکسرز نے برطانیہ بھر سے شرکت کی اور کمیونٹی کے مابین محبت کے فروغ کے لیے اس کاوش کو بے حد سراہا۔