• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شیخ رشید نے عمران خان سے وزارت داخلہ کا عہدہ مانگ لیا

اسلام آباد(آن لائن)پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے عمران خان سے وزارت داخلہ کا عہدہ مانگ لیا ۔ ایک دو روز میں پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی میں فیصلہ کیا جائے گا ۔ ذرائع کے مطابق پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے انتخابات میں کامیابی کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور متوقع وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے ملاقات کی اور ان سے وزارت داخلہ کا قلمدان مانگا۔ عمران خان سے جب شیخ رشید ملاقات کے لئے پہنچے تو کپتان نے دیگر بیٹھے ہوئے لوگوں سے کہا کہ ہمارے وزیر ریلوے آگئے ہیں ۔ شیخ رشید نے اس موقع پر تو خاموشی اختیار کر لی مگر کپتان سے ون آن ون ملاقات میں انہوں نے وزارت داخلہ کا قلمدان مانگا جس پر عمران خان نے کہا کہ پارٹی کی کور کمیٹی سے مشاورت کے بعد فیصلہ کروں گا۔ واضح رہے کہ داخلہ کا قلمدان ہمیشہ اس کو دیا جاتا ہے جو اداروں اور سول حکومت کے درمیان پل کا کردار ادا کرتا ہے۔ شیخ رشید اداروں کے نزدیک ہو جاتے ہیں اور غالب امکان ہے کہ وزارت داخلہ کا قلمدان ان کو دیا جائے گا ۔

تازہ ترین