لاہور ( رپورٹ :نوید طارق ) لاہور کراچی ،ملتان ، ڈیڑھ غازی خان اورگجرانوالہ کی نصف سے بھی کم خواتین ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا جبکہ پشاوراور قبائلی علاقوں کی 3چوتھائی خواتین ووٹرز پولنگ بوتھوں تک نہیں گئیں ۔ مظفر گڑھ ، خانیوال ،بہاولنگر ، بہاولپور ، وہاڑی ، سرگودھا ، رحیم یار خان، گجرات سمیت 15اضلاع کی نصف سے زائد خواتین نے ووٹ کاسٹ کیا۔ جنگ ڈیولپمنٹ رپورٹنگ سیل نے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے لیے کاسٹ کیے گئے ووٹوں خصوصاً خواتین ووٹس کی شرح کے حوالے سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے اعدادوشمار پر قومی اسمبلی کی 4یا اس سے زائد نشستوں والے بڑے اضلاع کا مختلف زاویوں سے جو جائزہ لیا ہے اس کے مطابق بڑے اضلاع میں سب سے زیادہ ٹرن آئوٹ( مرداور خواتین) فیصل آبادمیں 63فیصد رہا،قصوراور مظفر گڑھ 61، خانیوال اور بہاولنگر 60، اسلام آباد اور اوکاڑہ میں 58،فیصد رہی ۔کراچی کی 21نشستوں پر ٹر ن آئوٹ40.4 ، مردوں میں شرح 45.08اور خواتین میں34.26 فیصد رہی ، کراچی میں مردوں میں ٹرن آئوٹ سب سے زیادہ NA236میں 53.69فیصد جبکہ پورے شہر میں ہی خواتین کے ٹرن آئوٹ کی شرح سب سے زیادہ 45.86فیصد رہا جبکہ خواتین میں سب سے کم NA250میں 27.19فیصد رہی ، سوائے اس حلقے کے پورے شہر میں خواتین کی شرح 40فیصد کو نہ چھوسکی ۔