• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دیامیر میں اسکول جلانے کا واقعہ، متعدد افراد گرفتار، وزیراعظم کا اظہار تشویش،چیف جسٹس کا ازخود نوٹس

دیامیر / اسلام آباد (نیوز ایجنسیز / نمائندہ جنگ) گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے علاقے چلاس میں اسکولوں پر حملوں اور انہیں جلانے کے واقعات پر متعدد مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ آئی جی گلگت بلتستان کا کہنا ہے کہ ٹارگٹڈ آپریشن میں مقامی لوگ تعاون کررہے ہیں ۔ ادھر نگراں وزیراعظم ناصر الملک نے واقعے پر تشویش کااظہار کیا ہے جبکہ چیف جسٹس ثاقب نثار نے واقعے پر ازخود نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری گلگت بلتستان سے جواب طلب کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے علاقے چلاس میں اسکولوں پر حملوں اور انہیں جلانے کے واقعات پر 10مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا،گرفتار مشتبہ افراد کو داریل و تانگیر کے متعلقہ تھانوں میں منتقل کردیا گیا ۔گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان نے اس حوالے کہا کہ گرفتار مشتبہ افراد کو داریل و تانگیر کے متعلقہ تھانوں میں منتقل کردیا گیا ۔آئی جی گلگت بلتستان پولیس ثنا اللہ عباسی نے کہا کہ ٹارگٹڈ آپریشن میں مقامی لوگ بھرپور تعاون کر رہے ہیں۔ادھر نگراں وزیر اعظم جسٹس ( ر ) ناصر الملک نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان کو ٹیلی فون کیا اور چلاس میں بچیوں کے اسکول کو نذر آتش کیے جانے کے واقعے کی تفصیلات دریافت کیں، وزیر اعظم نے کہا کہ چلاس میں بچیوں کے سکولوں کو نذر آتش کیا جانا کسی صورت قابل نہیں ۔ بچیوں کو تعلیم سے محروم کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی یقینی بنائی جائے ۔ نگران وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سے چلاس میں بچیوں کے اسکولوں کو جلائے جانے کے واقعہ کی معلومات حاصل کیں ۔ دوسری جانب سپریم کورٹ کے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے گلگت و بلتستان کے علاقے دیامیر میں لڑکیوں کے متعدد اسکولوں سمیت 12سکولوں کو جلا نے کے شرمناک واقعات پر از خود نوٹس لیتے ہوئے پر وفاقی سیکرٹری داخلہ اور وفاقی سیکرٹری برائے اموروزار ت آزاد کشمیر وگلگت و بلتستان سے 48 گھنٹوں میں جواب طلب کرلیا۔
تازہ ترین