کراچی ( اسٹاف رپورٹر) گوادر بندرگاہ کے بننے سے پورا بلوچستان ترقی کرے گا اور لوگو ں کو روزگار اور خوشحالی کے مواقع میسر آئینگے،پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر میاں زاہدحسین نے کہا ہے کہ بلوچستان کی معیشت میں کوئٹہ ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ میاں زاہد حسین نے ایک وفد سے گفتگو میں کہا کہ زراعت خصوصاً پھل کوئٹہ کے مضافات میں بکثرت پائے جاتے ہیں جو منفرد ذائقہ اور معیار رکھتے ہیں۔ ضلع کوئٹہ کی زرعی پیداوار میں گندم، جو، چارہ اور متعدد سبزیاں شامل ہیں۔ لائیو اسٹاک بلوچستان کا قدرے ترقی یافتہ زرعی شعبہ ہے، جس سے صوبہ کی بڑی آبادی کا روزگار وابستہ ہے۔ اس شعبہ سے صوبہ بھر کی گوشت کی ضرورت پوری ہوتی ہے اور ایک بڑا حصہ ملک کی دیگر منڈیوں میں بھی بھیجا جاتا ہے۔ کوئٹہ اور منسلکہ علاقوں میں باغبانی، زراعت، لائیواسٹاک کے ساتھ ساتھ کاروبار اور تجارت کا بہترین پوٹینشل موجود ہے۔ گیس اور کوئلہ کے ذخائر کے بعد ریکو ڈک کے مقام پر کاپر کے بہت بڑے ذخائر دریافت ہوئے ہیں ، امید کی جارہی ہے کہ یہ ذخائر ایران اور چلی کے ذخائر سے بڑے ہیں کو دنیا میں بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر ہیں۔