ٹھٹھہ(نامہ نگار) ٹھٹھہ میں بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ گذشتہ کافی عرصہ سے بدستور جاری ہے اور شہر کے رہائشی اور تجارتی علاقوں میں دس تا بارہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ روزانہ کا معمول بن گیا ہے جس کے باعث عام شہری اور تاجر شدید مشکلات سے دوچار ہیں، بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث رہائشی علاقوں کو واٹر سپلائی کے تالابوں سے پانی کی فراہمی شدید متاثر ہو رہی ہے جبکہ دن رات کئی کئی گھنٹے بجلی غائب رہنے کے باعث شاہی بازار سمیت دیگر تجارتی علاقوں میں کاروبار بھی متاثر ہو رہا ہے اور عیدالاضحیٰ کا سیزن ہونے کے باوجود لوڈشیڈنگ کی وجہ سے دکانیں رات کو جلد بند ہوجاتی ہیں۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ ہر دو گھنٹے بعد بجلی کئی کئی گھنٹے کے لیے چلی جاتی ہے، لوڈ شیڈنگ کے باعث سورج ڈھلنے کے بعد خریدار بازاروں کا رخ نہیں کرتے اور بازار میں سناٹا چھا جاتا ہے اس لیے اکثر تاجر اپنی دکانیں جلد بند کردیتے ہیں، انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ عید قرباں کے سیزن میں تجارتی علاقوں کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے اورغیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے۔