لاہور (شوبز رپورٹر )لاہور کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن نے چیف جسٹس سپریم کورٹ سے اپیل کی ہے کہ ان کا معاشی قتل بند کرایا جائے اور تحفظ فراہم کیاجائے ۔ایسوسی ایشن کےصدر چوہدری سجاد،سیکریٹری جنرل شوکت علی چوہدری، کیپٹن جبار خان اورسہیل اقبال نے پریس کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس میں کہا پیمرا قانون کے مطابق ہم سی ڈی چینل پر ایڈورٹائرنگ کرسکتے ہیں لیکن بدقسمتی سے میڈیا لاجکس ا ور پی بی اے کی ملت بھگت سے ہمارے اشتہارات روک کر مسلسل نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ کیبل کے ذریعے ہم عوام تک سب سے سستی تفریح پہنچاتے ہیں۔ میڈیا لاجکس اور پی بی اے مل کر عوام کی اس تفریح کو مہنگا کرنا چاہتے ہیں۔ نجی کمپنی کو پیمرا یا حکومت پاکستان کا کوئی قانون اس بات کی اجازت نہیں دیتا ہے۔اب میڈیا لاجکس اور پی بی اے کے 6ممبران مل کر 26 چینل کا ایک باکس لا رہے ہیں یہ دونوں مل کر پاکستان میں ڈسٹری بیوشن کمپنی بنا کر میڈیا پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔ ہمیں دھمکیاں دی جارہی ہیں کہ تمام پپل میٹر اتار لیں گے ۔ ہم کہتے ہیں کہ سارے میٹر اتار کر اپنے گھر لے جائو، ہمیں تمہارے پپل میٹروں کی ضرورت نہیں ہے۔ یہ دونوں غیر قانونی کمپنیاں 26چینل کا بکس لا کر آپریٹروں سے 100 روپے فی صارف وصول کرنا چاہتے ہیں جبکہ ہم پہلے ہی کیبل صارفین سے 100 یا 200 روپے لے رہے ہیں اب وہ ایک نیا جگا ٹیکس ہمارے ذریعے عوام سے لینا چاہتے ہیں۔ اس سلسلے میں ہم نے پی بی اے سے مذاکرات میں کہا کہ ہم اینالاگ پر ان کے لئے پیسوں کی کولیکشن نہیں کرسکتے مگر انہوں نے کہا کہ ایک کمیٹی آپ کیبل آپریٹر زکی بنائیں اور ایک میں ممبران پی بی اے کی کمیٹی بناتا ہوں جو مل کر فیصلہ کریں گی۔ ہم نے ان کو کیبل آپریٹر زکی لسٹ دے دی مگر انہوں نے آج تک ہمیں کوئی جواب نہیں دیا ہے۔ ہم تنبیہ کرتے ہیں کہ وہ کیبل آپریٹروں کی روٹی روزی کو خراب مت کریں ، ہم بطور کیبل آپریٹر آج میڈیا کے روبرو ان عناصر کو وارننگ دیتے ہیں کہ وہ اپنے مذموم عزائم سے باز آجائیں۔ ہم میڈیا لاجکس اور پی بی اے کو غریب سے 12 ارب روپے غنڈہ ٹیکس نہیں اکٹھا کرنے دیں گے اور نہ ہی 12 ارب کا ڈاکہ غریب عوام کی جیبوں پر پڑنے دیں گے۔ ہم چینل مالکان کو یاد کروانا چاہتےہیں کہ ہم وہ کیبل آپریٹر ہیں جنہوں نے ان کو عوام تک پہنچایا اور جب ہم چینل بند کر دیتے ہیں تو چند دن بعد عوام اس چینل کو بھول جاتے ہیں۔ اس کی مثال سونی اور سٹار پلس جیسے پاپولر چینلز ہیں۔ ہم چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثارسے اپیل کرتے ہیں کہ وہ پورے ملک کے لئے رحمت بنے ہوئے ہیں ہم مظلوم غریب کیبل آپریٹروں کی فریاد بھی سنیں، سسکتی ہوئی کیبل انڈسٹری پر رحم کیا جائے۔ ہم اپیل کرتے ہیں کہ غریب کیبل آپریٹروں کا میڈیا لاجکس اور پی بی اے سے معاشی قتل بند کروایا جائے اور کیبل آپریٹروں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ عوام کو سستی ترین تفریح کیبل پر 12ارب کا بوجھ نہ ڈالا جائے اور عوام کو میڈیا لاجکس اور پی بی اے کے غنڈہ ٹیکس سے بچایا جائے۔کیبل آپریٹر کی سی ڈی ریٹنگ کو بحال کیا جائے۔ 6چینل مالکان اور پی بی اے 26 چینل کا پریشر گروپ بنا کر کیبل آپریٹرز کو بلیک میل نہ کریں۔ میڈیا ہائوسز اور پی بی اے کی اجارہ داری پاکستان میڈیا سے ختم کی جائے۔ غیر ملکی قوتوں کے ایجنڈے پر کام کرنے والے میڈیا ایجنٹوں کے ظلم کو روکا جائے۔ پاکستان کے آزاد میڈیا کو کنٹرولڈ میڈیا میں تبدیل کرنے کی سازش کو ناکام بنا دیا جائے۔