اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا ہے کہ پتا نہیں الیکشن کمیشن کیسے چل رہا ہے، انتخابات کے روز میں نے چیف الیکشن کمشنر کو تین بار فون کیا،جواب نہیں ملا ، میرے خیال سے شاید وہ اس دن سو رہے تھے، آر ٹی ایس بیٹھ گیا،الیکشن اچھا خاصا چل رہا تھا الیکشن کمیشن نے مہربانی کر دی۔ پاکستان تحریک انصاف کی عابدہ راجا کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف درخواست کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ الیکشن کمیشن کیسے چل رہا ہے؟ جب ہمارے پاس کیسز آئیں گے تو معلوم نہیں کیا کرینگے۔ سپریم کورٹ نے حج آپریشن کیلئے پی آئی اے میں نئی بھرتیوں کی اجازت دیتے ہوئے تمام ائیر لائنز اپنے ملازمین کی ڈگریوں کا ڈیٹا تصدیق کیلئے سول ایوی ایشن کو فراہم کرنے ہدایت کی ہے۔علاوہ ازیں پی آئی اے کو ایک ہفتہ میں اپنا تمام ریکارڈ آڈیٹر جنرل کو فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ریکارڈ فراہمی میں کسی نے کوئی رکاوٹ ڈالی تو اس کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی ہوگی۔سپریم کورٹ نے شاہین ایئر لائن کو چین میں پھنسے مسافروں کو ایک لاکھ فی کس ہرجانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں منگل کو مختلف مقدمات کی سماعت ہوئی۔ منگل کو سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی کی مخصوص نشست پر امیدوار عابدہ راجا کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے الیکشن کمیشن سے متعلق اہم ریمارکس دیئے کہ پتا نہیں الیکشن کمیشن کیسے چل رہا ہے، جب ہمارے پاس کیسز آئینگے تو معلوم نہیں کیا کرینگے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اچھا بھلا انتخابی عمل جاری تھا لیکن الیکشن کمیشن نے مہربانی فرما دی، میں نے چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان سے تین دفعہ رابطہ کیا کوئی جواب نہیں آیا، میرے خیال سے شاید وہ اس دن سو رہے تھے، اس روز تو ان کاسسٹم ہی نہیں چل رہا تھا۔ منگل کو سپریم کورٹ میں چین میں پھنسے مسافروں سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی۔ کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس عمر عطاء بندیال پر مشتمل بینچ نےکی۔ سپریم کورٹ نے شاہین ایئرلائن کو چین میں پھنسنے والے تمام مسافروں کو فی کس ایک لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔ سی ای او شاہین ائیر لائن احسان صہبائی عدالت میں پیش ہوئے اور کہا کہ بدقسمتی سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ متاثرین کو کیا ہرجانہ ادا کرینگے؟ کیونکہ متاثرین کو امداد کی فراہمی تک آپ باہر نہیں جائینگے، آپ کا نام ای سی ایل میں شامل کرینگے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت میں بیان دیا کہ شاہین ایئر لائین اربوں روپے کی نادہندہ ہے اور اس نے ایک روپیہ بھی ادا نہیں کیا۔ جسٹس اعجاز لاحسن نے ریمارکس دیئے کہ شاہین ایئر لائن کو فلائٹ آپریشن معطل کرنے کی وارننگ دی گئی تھی لیکن اپنے رو یئے کی وجہ سے اسے چین والے مسئلے کا سامنا کرنا پڑا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ مسافروں کو شدید ذہنی تکلیف ہوئی ہے، مسافروں کے اخراجات بھی شاہین ائیر لائن کو ادا کرنا ہوں گے، مسافروں کو کتنی امدادی رقم دیں گے؟۔ سی ای او احسان صہبائی نے کہا کہ ہم 50 لاکھ روپے ادا کرسکتے ہیں۔ عدالت عظمیٰ میں پی آئی اے سربراہ کی تعیناتی سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔ سپریم کورٹ نے پی آئی اے کو حج آپریشن کے لیے نئی بھرتیوں کی اجازت دے دی۔ سماعت کے دوران پی آئی اے یونین کے عہد ید اربھی عدالت میں پیش ہوئے۔ چیف جسٹس نے یونین کے عہدے داروں سے کہا کہ قومی ایئرلائن کو چلنے دیں، انتظامیہ کے معاملات میں مداخلت نہ کریں، آج پیار سے کہہ رہا ہوں آئندہ پیارنہیں ہوگا، پی آئی اے یونین اپنا قبلہ درست کریں۔ یونین عہدیدار نے کہا کہ ایئرلائن کی بہتری کے لیے عدالت کے ساتھ ہیں، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کابینہ کہتی ہے کہ پی آئی اے سربراہ مشرف رسول کی تعیناتی کا معاملہ آنے والی حکومت دیکھے گی، وکیل پی آئی اے نے کہا کہ مشرف رسول کے خلاف ہائیکورٹس میں بھی دومقدمات زیرسماعت ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ کیوں نہ ہائیکورٹس کو پہلے فیصلہ کرنے دیں۔