• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایک عام انسان کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے میں پروٹین اہم کردار ادا کرتا ہے، پروٹین کی فراہمی کے لیےجہاں دالیں اور سبزیاں اہم ہیں وہیں گوشت بھی بہت ضروری ہے کیونکہ یہ ایک پروٹین سے بھرپور غذا ہے جو انسانی صحت کے لیے بے حد مفید ہے۔ پروٹین کے علاوہ گوشت میں وٹامن (اے، بی، ڈی اور بی 6 )، سوڈیم، پوٹاشیم اور آئرن بھی پایا جاتا ہے۔

’’سرخ گوشت اورسفید گوشت‘‘ گوشت کی دو اقسام ہیں۔ سرخ گوشت (ریڈ میٹ) میں گائے، بکرے اور دیگر دودھ پلانے والے جانوروں کا گوشت شامل ہیں جبکہ مرغی اور مچھلی کے گوشت کو عام طور پر سفید گوشت ( وائٹ میٹ ) کہا جاتاہے۔ سرخ گوشت اورسفید گوشت میں کیا فرق ہے اور ان میں سے صحت کے لیے کون سا بہتر ہے؟

سرخ گوشت (ریڈ میٹ)

وٹامن بی سے بھرپور: سرخ گوشت وٹامن بی کے لیے مشہور ہے کیونکہ اس میں صرف ایک نہیں بلکہ کئی طرح کےوٹامن بی موجود ہیں۔ وٹامن انسانی صحت کے لیے بےحد ضروری ہے یہ جسم کو صحت مند اور مضبوط بناتا ہے۔

سرخ گوشت میں شامل وٹامن بی12 اعصابی نظام کو بہتر رکھنے میں مدد دیتا ہے جبکہ بی6 قوت مدافعت کو طاقت ور بناتا ہے۔ اس کے علاوہ سرخ گوشت میں کچھ ایسے وٹامن بی بھی شامل ہیں جو کھانے کو ہضم کرنے میں مدد دیتے ہیں، آنکھوں کی بیماری اور جلد ی امراض سے روکتے ہیں۔

آئرن کی فراہمی: ایک رپورٹ کے مطابق خواتین کے لیے روزانہ 18 ملی گرام آئرن لینا ضروری ہے جبکہ مردوں کے لیے 8 ملی گرام ۔ سرخ گوشت وہ غذا ہے جو خواتین اور مردوں کو آئرن کی یہ مقدار با آسانی فراہم کرسکتا ہے۔

سبزیوں کے مقابلے میں سرخ گوشت زیادہ تیزی سے انسانی جسم میں آئرن کی کمی کو دور کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ماہرین صحت کے مطابق ہفتے میں دو سے تین مرتبہ گوشت کا استعمال خون کے سرخ خلیےکو بڑھاتا ہے۔

زنک کی فراہمی: زنک ایک ایسا منرلزہے جو بہت کم غذائی اجزاء میں پایا جاتا ہے اورسرخ گوشت ان میں سے ایک ہے۔ انسانی جسم کے لیے زنک بہت ضروری ہے یہ پٹھوں کو مضبوطی دیتا ہے، مدافعتی نظام کو مضبوط بناتا ہے اور دماغ کی صحت کو بہتر کرتا ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق تمام بالغ افراد کے لیے روزانہ 15 ملی گرام زنک لینا بے حد ضروری ہے۔ اس کے علاوہ سرخ گوشت میں آئرن ، فاسفورس اور لیپوئک ایسڈکی بڑی مقدار بھی موجود ہے۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ اگرسرخ گوشت کا استعمال مناسب مقدار میں کیا جائے تو یہ جسم کے لیے نقصان دہ نہیں ہے۔

سفید گوشت (وائٹ میٹ)

ہڈیوں کے لیے مفید: سفید گوشت ہڈیوں کے لیے بے حد مفید ہے کیونکہ اس میں کیلشیم اور پروٹین موجود ہےتاہم سفید گوشت میں سب سے زیادہ پروٹین کا حامل مرغی کا گوشت کہلاتا ہے۔

سفید گوشت ہڈیوں کے ہر طرح کے نقصان سے انسان کو محفوظ رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ چکن میں فاسفورس بھی بڑی تعداد موجود ہے جو کہ دانتوں اور ہڈیوں کے لیے بہت مفید ہےاور یہ گردےاور جگر کے امراض سے بھی بچاتا ہے۔

دل کی صحت بہتر کرنا: سفید گوشت کا ایک اہم کام انسان کے دل کو صحت مند رکھنا ہےاور دل کا تندرست و صحت مند ہوناباقی تمام بیماریاں ہونےسے روکتا ہے۔ اگر پورے دن میں ایک چکن کا سینڈوچ یاسوپ پی لیا جائے تو یہ بھی ایک مکمل چکن کے برابر فائدہ پہنچاتا ہے۔

وٹامنزسے بھرپور: سرخ گوشت کی طرح سفید گوشت بھی وٹامن سے بھرپور غذا ہے۔ اس میں شامل وٹامن بی 2 جلدی امراض کو ہونے سے روکتا ہےجن میں ہونٹوں کا پھٹنا، زبان پر زخم ہونا اور خشک اور خراب جلد شامل ہے۔ سفید گوشت کا استعمال توانائی میں اضافہ کرتا ہے، انسانی جسم کو مضبوط رکھتا ہے اور میٹابولزم کو بھی بڑھاتا ہے۔

سفید اور سرخ گوشت کے جہاں بےشمار فوائد ہیں وہیں ان کے کئی نقصانات بھی ہیں۔ حد سے زیادہ گوشت کا استعمال انسانی صحت پر منفی اثرات مرتب کرسکتا ہےاسی لیے ڈاکٹروں کی جانب سے ایک حد تک گوشت کھانے کی تائید کی جاتی ہے خاص طور پر’’سرخ گوشت‘‘ کیونکہ اس میں سفید گوشت کے مقابلے میں زیادہ کلوریز اور چکنائی ہوتی ہے۔

تازہ ترین