لاہور (نمائندہ جنگ) قائم مقام چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس سردار محمد شمیم احمد خان نے زور دیا ہے کہ گلوبل وارمنگ سے آئندہ نسل کو بچانے کیلئے ضروری ہے کہ زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں۔ یہ بات انہوں نے لاہور ہائیکورٹ میں شجر کاری مہم کے سلسلہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ قائم مقام چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس سردار محمد شمیم احمد خان نے لاہور ہائیکورٹ میں برگد کا پودا لگایا۔ اس موقع پر ڈی جی ڈسٹرکٹ جوڈیشری راؤ عبدالجبار اور دیگر افسران بھی انکے ہمراہ تھے۔ قائم مقام چیف جسٹس نے کہا کہ شجرکاری نہ صرف ایک نیک عمل ہے بلکہ گلوبل وارمنگ کی وجہ سے درخت ہماری آئندہ نسلوں کے ضامن بھی ہیں اور اسی مقصد سے لاہور ہائیکورٹ میں شجر کاری مہم کا آغاز کیا گیا ہے اور ہائیکورٹ کے احاطہ میں موجود تمام خالی جگہوں پر پودے لگائے جارہے ہیں۔ قائم چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے احاطہ عدالت میں مختلف جگہوں پر لگائے گئے پودوں کا جائزہ بھی لیا۔