پشاور(نمائندہ جنگ)پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے قومی اسمبلی کے نامزد سپیکر اسد قیصر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں قیمتی جائیداد سمیت مجموعی طور پر4کروڑ42لاکھ37ہزار556روپے مالیت کے اثاثوں کے مالک ہیں جن میں اسلام آباد کے علاقے چک شہزاد اور بنی گالا میں 14کنال32مرلے کےقیمتی پلاٹ بھی شامل ہیں جبکہ سپیکر صوبائی اسمبلی کی حیثیت سے متعدد بار لندن، متحدہ عرب امارات اور بھارت کے سرکاری دوروں کے علاوہ سال 2015 میں دو لاکھ 35 ہزار652 روپے جبکہ2016میں322690 روپے انکم ٹیکس ادا کیا، قومی اسمبلی کے نامزد سپیکر اسد قیصر کی جانب سے الیکشن کمیشن کے پاس جمع کرائے جانے والے دستاویزات کے مطابق قومی اسمبلی کے نامزد سپیکر اسد قیصر نے پاکستان میں موجود جائیداد کی کل مالیت35052000روپے ظاہر کی ہے سکول اور کالج کے کاروبار سے 4800000روپے انکم ظاہر کی گئی جبکہ 2007ماڈل کی ملکیت ظاہر کر کے اس کی قیمت850,000بنائی گئی ہے جبکہ بینک میں1400993روپے کیش ظاہر کئے گئے ہیں، تاہم صوبائی اسمبلی کے سابق اور قومی اسمبلی کے نامزد سپیکر اسد قیصر نے دستاویزات میں زیورات کا ذکر نہیں کیا، اس طرح اپنے گا ؤں مرغزصوابی میں گھر، حجرہ اور زرعی اراضی میں پانچ فیصدحصہ وراثتی بتایا گیا ہے جبکہ سکول کی عمارت میں نصف حصے کی مالیت7265000روپے ظاہر کی گئی ہے اسی طرح نامزد سپیکر بنی گالا اسلام آباد میں پانچ کنال گیارہ مرلے پلاٹ کے مالک ہیں اور اس کی قیمت20لاکھ جبکہ بنی گالا میں سولہ مرلے پلاٹ کے مالک ہونے کے بعد اس کی قیمت768000بتائی گئی ہے ۔