• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کولمبو: دننجایاکی تباہ کن بولنگ، جنوبی افریقہ کو 178رنز سے شکست

جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے مابین جاری 5 ایک روزہ میچوں پرمشتمل سیریز کے پانچویں اور آخری میچ میں میزبان لنکن ٹیم نے پروٹیز الیون کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 178رنز کےبڑے مارجن سے شکست دے دی ہے۔

سری لنکا کے اکیلا دننجایا کو بہترین بولنگ پرفارمنس پر مین آف دی میچ قراردیا گیا۔جبکہ مین آف دی سیریز جین پال ڈومینی رہے ، تاہم سیریز 2-3سے جنوبی افریقہ کےنام رہی ۔

کولمبو میں کھیلے گئے ایک روزہ میچ میں سری لنکا کے300رنز کے ہدف کے جواب میں افریقی الیون25ویں اوور میں 121رنز کے اسکور پر ڈھیر ہوگئی،ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ54 رنز قائم مقام پروٹیز کپتان کوئنٹن ڈی کوک نے بنائے جبکہ لنکن بولرز کی جانب سے اکیلا دننجایا نے 29رنز کے عوض 6 شکار کیے۔

اس سے قبل لنکن ٹیم نے پروٹیز ٹیم کےخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو کپتان اینجلو میتھیوز کی ذمہ دارنہ بیٹنگ کی بدولت لنکن ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹ پر 300رنز کا ہدف دینے میں کامیاب ہوئی۔

اینجلو میتھیوز 97رنز کے ساتھ میچ کے ٹاپ اسکورر رہے تاہم پروٹیز بولرز کی جانب سے مولڈر او ر پہلکوایو نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

واضح  رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان 5 میچوں کی سیریز آج سر ی لنکا کی جیت کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچی جبکہ سیریز کے ابتدائی 3 میچوں میں انہیں شکست کے ساتھ سیریز سے بھی ہاتھ دھونا پڑا تھا تاہم سیریز کے آخری 2 میچوں میں سری لنکا نے زبردست فائٹ بیک کیا اور دونوں میچ اپنے نام کئے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان اب ایک ٹی 20 میچ 14اگست کو شام ساڑھے 6 بجے کولمبو میں کھیلا جائے گا۔

تازہ ترین