لاہور( خالد محمود خالد) بھارتی ریاست مدراس میں ہائی کورٹ کے نئے چیف جسٹس کی تقریب حلف برداری میں دیگر ججوں نے مناسب پروٹوکول نہ ملنے پر سخت احتجاج کیا اوراسے انتہائی توہین آمیز کہتے ہوئے سخت مایوس کن قرار دیا۔ تفصیلات کے مطابق مدراس کے دارالحکومت چنائے میں واقع سرکاری راج بھون میںمنعقد ہونے والی مدراس ہائی کورٹ کے نئے چیف جسٹس وجے کملیش تاہل رامانی کے حلف اٹھانے کی تقریب میںموجود مہمانوں کی پہلی رو میں صوبائی وزرا اور پولیس افسران کے لئے نشستیں مخصوص کی گئیں جب کہ ججوں کے لئے دوسری اور تیسری رو مخصوص کی گئیں۔ پروگرام کے احتتام پر ہائی کورٹ کے سینئر جج ایم ایس رامیش نے ججوں کے آفیشل سوشل میڈیا گروپ پر اپنے ایک پیغام میں تقریب میں ججوں کے لئے کئے گئے انتظامات کو نہ صرف پروٹوکول کے منافی قرار دیا بلکہ اسے ججوں کی توہین قرار دے دیااور کہا کہ اس سے ججوں میں مایوسی پھیل گئی ہے۔انہوں نے شکایت کی کہ مدراس ہائی کورٹ کے رجسٹرار کی طرف سے پروگرام شروع ہونے سے قبل ججوں کے بیٹھنے کے انتظامات کا جائزہ لینے کی درخوا ست بھی کی گئی جسے راج بھون کی انتظامیہ نے مسترد کر دیا۔