اسلام آباد(نمائندہ جنگ )جے آئی ٹی کی تشکیل کے حوالے سے چیف جسٹس کے ریمارکس پر سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ جے آئی ٹی اعلیٰ عدلیہ کے تین رکنی بینچ کے حکم کے تحت تشکیل دی گئی اور اس میں انٹیلی جنس افسران کی شمولیت بھی اسی فیصلے کا حصہ تھی۔ میرا یا وزارتِ داخلہ کا نہ تو جے آئی ٹی کی تشکیل میں کوئی کردار تھا اور نہ ہی ایجنسیوں افسران کی شمولیت کے حوالے سے کوئی عمل دخل، آگاہی یا کسی قسم کی مشاورت شامل تھی۔ انہوں نے واضح کیا کہ سپریم کورٹ کے رجسٹرار نے تین رکنی بینچ کے فیصلے کے تحت از خود متعلقہ اداروں جن میں ایف آئی اے، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)، نیب اور ایف آئی اے شامل ہیں، سے تین تین نام مانگے۔ ایجنسیوں سے بھی انہوں نے خود ہی رابطہ قائم کیا۔ اس تمام عمل میں کسی وزارت یا حکومتی شخصیت کو شامل نہیں کیا گیا۔