• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسمبلی کارروائی تمام جماعتوں کی مشاورت سےچلائی جائیگی،اسد قیصر

اسلا م آباد(نمائندہ خصوصی)سپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت قومی اسمبلی میں موجوداپوزیشن جماعتوں کےرہنماؤں کااجلاس جمعہ کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔اجلاس میں اپوزیشن رہنماؤں کو ایوان کی آج کی کاروائی کے حوالے سے اعتماد میں لیاگیا ۔اس موقع پر پار لیمانی رہنماؤں سے بات چیت کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ ایوان کی کاروائی تمام جماعتوں کی مشاورت سے چلائی جائےگی، پارلیمانی روایات کو ملحوظ خاطر رکھا جائے گا اور تمام ممبران کو ایوان میں بات کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا آج وزیر اعظم کے انتخاب کے موقع پر قواعد اور سابقہ پارلیمانی روایات پر عمل کیاجائے گا۔پا ر لیما نی جماعتوں کے رہنماؤں نے انہیں سپیکر منتخب ہونے پر مبارک باد دی ۔ اجلاس میں ممبران قومی اسمبلی فواد چوہدری ،علی زیدی ،مولانا کمال الدین،مولانا عبدالواسع ،نوید قمر اوررانا تنویر حسین نے شر کت کی۔دریں اثناسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت خواتین اراکین قومی اسمبلی کا اجلاس بھی منعقد ہوا ۔ اجلاس میں قومی اسمبلی کی کاروائی کو خوش اسلوبی سے چلانے پر مشاورت کی گئی۔سپیکر نے کہا کہ قومی اسمبلی میں خواتین اراکین کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے ، 14ویں قومی اسمبلی میں خواتین اراکین نے ایوان کی کاروائی میں جس بھر پور انداز میں حصہ لیاوہ قابل ستائش ہے سپیکر نے انہیں قانون سازی کے عمل میں حصہ لینے کے لیے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ،اس موقع پر خیبر پختونخواہ اسمبلی میں بطور سپیکر اپنے تجربات کا ذکر کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبائی اسمبلی میں خواتین ارکان نے قانون سازی کے عمل میں گراں قدر خدمات سر انجام دیں،خواتین اراکین نے اسد قیصر کوقومی اسمبلی کا سپیکر منتخب ہونے پر مبارک باد دی اور ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔اجلاس میں تمام پارلیمانی جماعتوں کی خواتین اراکین قومی اسمبلی نے شر کت کی ۔

تازہ ترین