• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عید قرباں پر دعوت کا خاص الخاص اہتمام کررہی ہوں گی۔گوشت سے تیارکردہ مختلف پکوان کے ساتھ گھر کی آرائش پر بھی توجہ مرکوز ہو گی،ایسے میں ہم آپ کا ہاتھ بٹانا چاہتے ہیں۔ڈرائنگ روم،ٹی وی لاؤنج کی سجاوٹ آپ کے ذمے،لیکن کھانے کی میز ہماری مرضی سے۔اس میز کو سجانا آسان کام نہیں ہوتا۔اسے سادہ اور منفرد طریقے سے سجانا بھی فن ہے۔عموماً دیکھا گیا ہے کہ خواتین کھانے کی میز کو نظرانداز کر دیتی ہیں۔میز کے ایک طرف پلیٹیں گلاس رکھ دیے جاتے ہیں اوردرمیان میں کھانا۔یہ مناسب طریقہ نہیں ہے،اس سے مہمانوں کو بھی پریشانی ہوتی ہے۔اس عید پر ہمارے طریقے سے میز آراستہ کریں۔

گھر کی میز جتنی کرسیوں پرمشتمل ہے،اسی مناسبت سے ہر کرسی کے آگےمیز پر کھانے کی پلیٹ کے ساتھ ایک چھوٹی پلیٹ،کانٹا،چمچہ ،گلاس،جس میں ٹشوپیپررکھیں۔پلیٹ کے برابر نیپکن رکھیں میز سجاتے ہوئے یہ بات دھیان میں رکھنی چاہیے کہ میز یا اس کا میز پوش ایسااستعمال کریں،جس سے چیزوں کے ارد گرد کا رنگ اور ڈیزائن نمایاں دکھائی دے ۔ اگر میز سادہ ہو تو اسے پھول دار برتنوں سے آراستہ کریں۔ خوبصورت ڈیزائن میں کھانے کی میز کی زینت بنائیں۔ سب سے اہم کام ڈائننگ ٹیبل پر برتن اور دیگر سامان سلیقے سے ترتیب دینا ہے۔ اس سے سلیقہ مندی جھلکے گی۔ اکثر اوقات دعوت میں ایک سے زائد پکوان کے علاوہ سلاد،میٹھا بھی ہوتا ہےاس لحاظ سے میز پر پلیٹیں اور گلاس رکھیں۔

روزمرہ کی سادہ ٹیبل : روزمرہ کھانے کے برتن سیٹ کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ دسترخوان یا میز پر بڑی ڈنر پلیٹ رکھی جائے۔ اس کے دائیں جانب کھانے کا چمچ اور چاقو، چھری رکھیں۔ پلیٹ کے بائیں طرف کانٹا رکھیں۔نیپکن کو پلیٹ کے درمیان یا بائیں جانب بھی رکھا جاسکتا ہے۔ اوپری بائیں جانب سلاد کیلئے چھوٹی پلیٹ رکھیں۔ اگر چاہیں تو اس کی بجائے گہرے پیالے بھی رکھ سکتی ہیں جس میں رائتہ یا شوربے والا سالن ڈالا جاسکے۔

دعوت کیلئے ڈنر ٹیبل : سادہ ٹیبل کی سیٹنگ کے پیش نظر ہی دعوتوں جیسے خصوصی مواقع کیلئے بھی خصوصی ٹیبل یا دسترخوان کی سیٹنگ کی جاسکتی ہے۔ سب سے پہلے میز کیلئے وسیع ڈنرشیٹ بچھائیں۔ خوبصورت میز پوش یا ڈنرمیٹس کا انتخاب کریں۔ اگر دسترخوان لگا رہی ہیں تو افراد کی تعداد کے مطابق میٹس سیٹ کریں۔ ہر میٹ کے سامنے بیٹھنے کیلئے آرام دہ فلور کشن لگائیں۔ اب ہر مہمان کیلئے میٹ پر برتن ترتیب دیں۔ اوپری دائیں جانب پانی اور مشروب کے الگ الگ گلاس رکھیں۔ درمیان میں ڈنر پلیٹ اور اس کے اوپر سلاد کی چھوٹی پلیٹ رکھیں۔ پلیٹ کے برابر سیدھے ہاتھ پر ڈنر کیلئے چھری (بڑے سائز اور کٹاؤ داردندا نے والا نائف) کھانے کا چمچ اور اس کے برابر میں سوپ کا چمچ (گول گہرائی والا چمچ) رکھ دیں۔ پلیٹ کے برابر بائیں جانب ڈنر کا فورک یعنی بڑا کانٹا اور سلاد کیلئے چھوٹا کانٹا رکھیں۔ پلیٹ کی سیدھ میں اوپر کی جانب میٹھا کھانے کیلئے چمچ (چھوٹے سائز) کا اور اگر میٹھے میں فروٹس وغیرہ شامل ہیں تو میٹھے کیلئے بھی علیحدہ کانٹا ایک برابر میں رکھ دیں۔ انتہائی بائیں اوپری جانب میٹھا کھانے کی چھوٹی پلیٹ یا پیالی میں رکھ دیں۔ دسترخوان یا ٹیبل کے درمیان میں کھانے کی ڈشز چن دیں۔ میز کے وسط میں خوبصورت پھولوں کا گلدان اور رات کے کھانے پر شمع دان ضرور رکھیں۔

اس کے علاوہ کھانے کی ڈشز اگرچہ سادہ ہلکے یا ڈل رنگ کی ہوں تو انہیں متضاد رنگ کے کھانے والے برتن میں یا متفرق ومختلف رنگوں کے پکوان مثلاً ہری مرچ قیمہ ،ٹماٹر، چقندر، گاجر مولی پودینے کی چٹنی ،بھنے ہوئے پسندے اوربہاری بوٹی وغیرہ کو سلاد کے پتوں سے سجایا جا سکتا ہے ۔اسی طرح پستہ، بادام، ناریل وغیرہ ایسے میوہ جات ہیں جنہیں سویٹ ڈش اور بیکری کے آئٹم کی سجاوٹ کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ ان چیزوں سے سادے سے کھانوں کو بھی سجا کر میز میں دلکشی اور رونق پیدا کی جا سکتی ہے۔ کھانے کی میز پر چیزوں کو نمایاں کرنے کا ایک اور طریقہ یہ بھی ہے کہ پلیٹوں یا ڈونگوں میں کھانا کبھی اس قدر کم نہ ڈالیں کہ برتن خالی ہونے کا احساس ہو اور نہ ہی اس قدر بھر دیں کہ کنارے تک پہنچ کر باہر گرنے لگیں۔ برتن کے کنارے ہمیشہ قدرے خالی ضرور ہونے چاہئیں۔ اگر چیز کم ہو تو بڑے برتن کی بجائے اس کی مناسبت سے اسے چھوٹے برتن میں ڈالیں تاکہ وہ بھر جائے اور چیز کےکم ہونے کے باوجود زیادہ احساس پیدا ہو سکے ۔

تازہ ترین