• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

باورچی خانے میں جانے سے قبل خوبصورت ہئیراسٹائل بنالیں

تہوار چاہے میٹھی عید کا ہو یا بڑی عید کا،اس پرمسرت موقعے پر جہاں دیگر لوازمات کی تیاری کا بھرپور خیال رکھا جاتا ہے ،وہیںخاتون خانہ کے لیے اپنی تیاری بھی اہمیت رکھتی ہے۔خاص کر عید قرباں کے موقعے پر جب باورچی خانے کا کام زیادہ ہوتا ہے، اس لیے خواتین ملبوسات کے ساتھ ہئیراسٹائل بھی ایسا اپنانا چاہتی ہیں جو کچن میں کام کرتے وقت جھنجھٹ کا باعث نہ بنے اور جدید دور کے فیشن سے بھی ہم آہنگ ہو۔اس حوالے سے یہاں ہم نے چند ایسے منفرداور فیشن سے ہم آہنگ ہئیراسٹائل شامل کیے ہیں جو آپ کو کچن میں کام کرنے کے دوران نہ صرف جاذب نظر بنائیں گے بلکہ دوران کوکنگ پریشان بھی نہیں کریں گے۔

باؤنسنگ کرلس

اگر کہا جائے کہ بالوں کے اس انداز کو دنیا بھر کی خواتین سب سے زیادہ اپناتی ہیں تو غلط نہ ہوگا، یہ سادہ اور عام انداز ہے، جس سے خواتین خوبرو اور پرکشش نظر آتی ہیں، اس اسٹائل میں کچھ خواتین اپنے بالوں کو بہت زیادہ کرل کرتی ہیں، جب کہ کچھ خواتین اپنے بالوں کو ہلکا سا موڑ دیتی ہیں، جس سے ان کا چہرہ بالوں کے درمیان آجاتا ہے۔

لوز فش ٹیل

اس ہیئر اسٹائل کو زیادہ تر نوجوان اور کم عمر لڑکیاں اپناتی ہیں، یہ اسٹائل شارٹ شرٹ اور پیپلیم شرٹس کے ساتھ بھلا لگے گا۔اس اسٹائل میں بالوں کی چوٹی کو چھوڑ کر نیچے آہستہ آہستہ پھولوں کی لڑی کی مانند سجایا جاتا ہے۔

ڈبل ٹوئسٹ

اس ہیئر اسٹال کو درمیانی عمر کی خواتین سمیت پروفیشل خواتین بھی استعمال کرتی ہیں، اس اسٹائل کو 2 منفرد طریقوں سے سجایا جاتا ہے۔ایک طریقے کے تحت بالوں کے اوپر باؤنڈری بنائی جاتی ہے، اس طریقے میں سر کے چاروں طرف اوپر کے بالوں کو ایک دوسرے میں جکڑ دیا جاتا ہے، اور پیچھے سے ہیئر پن کے ذریعے انہیں سپورٹ دی جاتی ہے، اور باقی بالوں کو کھلا چھوڑ دیا جاتا ہے، دوسرے طریقے میں تمام بالوں کو چاروں طرف ایک دوسرے میں جکڑ دیا جاتا ہے۔

ٹرپلیٹ

بالوں کے اس انداز کو زیادہ تر بچیوں کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، تاہم خواتین بھی اسے استعمال کرتی ہیں، مگر ہر کوئی اس انداز کو تھوڑی بہت تبدیلیوں کے ساتھ اپنے حساب سے اپناتا ہے۔اس اسٹائل میں بالوں کو مکمل طور پر 2 حصوں میں تقسیم کردیا جاتا ہے، ایک حصہ چہرے کے ایک رخ کو ڈھانپے رکھتا ہے تو دوسری سائیڈ کو بالوں سے آزاد کیا جاتا ہے، اور اسی سائیڈ پر سر میں بالوں کے اندر تین لکیریں (مانگیں) بھی بنائی جاتی ہیں۔

ہالو بریڈ

بالوں کا یہ انداز ڈبل ٹوئسٹ سے ملتا جلتا ہے، تاہم زیادہ تر اسٹائل میں کچھ بالوں کو اوپر کے حصے میں ایک دوسرے سے جکڑ کر باقی بالوں کو نیچے کھلا چھوڑ دیا جاتا ہے، مگر کھلے ہوئے تمام بالوں کو دونوں سائیڈ سے چہرے تک لایا جاتا ہے، کچھ خواتین اس اسٹائل میں بھی بالوں کو مکمل طور پر ایک دوسرے میں جکڑ دیتی ہیں۔

ویلیومسڈ پونی ٹیل

گر کہا جائے کہ بالوں کا یہ انداز اپنانا سب سے زیادہ آسان ہے تو کچھ غلط نہیں ہوگا، کیوں کہ اس میں اب بہت ساری خواتین بالوں کو بیک سائڈ سے پونی کی مدد سے لپیٹ دیتی ہیں، اور فرنٹ سے کھلا چھوڑ دیتی ہیں، زیادہ تر اس اسٹائل کو وہ خواتین اپناتی ہیں، جن کے پاس وقت کی قلت ہوتی ہے۔

ہالو بن

بالوں کا یہ انداز ہالو بریڈ اور ڈبل ٹوئسٹ کا مکسچر ہے، جس میں تمام بالوں کو سر کے چاروں طرف ایک دوسرے میں جکڑ کر پھولوں کی مالہا کی طرح بنایا جاتا ہے، جب کہ درمیان کے بالوں کو سر کے اوپر پونی سے جکڑ دیا جاتا ہے۔

تازہ ترین