• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’خواتین کی پریشانیاں‘‘، پکانے اور کھلانے سے نہیں، گوشت محفوظ کرنے سے

اب ہوگی ہر گھر میں گوشت کی فراوانی،قربانی کے جانور کے گوشت کی لذت، ذائقہ اور ا س کی غذایت کا کوئی جواب نہیں۔ بقر عید کے دن اور قربانی کے موقع پر ہر خاتون اس بات پر پریشان دکھائی دیتی ہے، کہ کس طرح اس گوشت کو محفوظ کرتے ہوئے مستقبل میں استعمال کیلئے رکھوں۔ گھر میں جانور کی قربانی ، دوست احباب اور رشتہ داروں کی جانب سے روانہ کردہ قربانی کے گوشت کو محفوظ کرنا اور مستقبل میں اس گوشت کو کھانے کے قابل بنائے رکھنا ہر خاتون خانہ کیلئے چیلنج سے کم نہیں ہے۔ایسے گھرانے بھی ہوتے ہیں جہاں فریج وغیرہ کی سہولت نہیں ہوتی، وہ گوشت کو بھون کر یا فرائی کر کے رکھ لیتے ہیں تا کہ چند دنوں تک اس گوشت کو قابل استعمال رکھا جاسکے۔ اسی طرح گوشت کو کباب کی شکل میں خشک کر کے رکھنے کا طریقہ بھی بہتررہتا ہے ۔ خشک کباب تقریبا 4 تا 6 ماہ تک خراب نہیں ہوتے ،جبکہ قربانی کے گوشت کو پارچوں کی شکل میں کاٹ کر لہسن ادرک اور نمک لگا کر سورج کی روشنی میں خشک کرنے کا طریقہ کار بہت زیادہ محنت طلب ہے اس میں خواتین کو مکمل طور پر مصروف رہنا پڑتا ہے ۔

متوسط اور امیرگھرانوں میں نہ صرف بڑے فریج بلکہ ڈیپ فریزرز بھی ہوتے ہیں، ان میں جتنا چاہیں قربانی کے گوشت کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق محفوظکیا جاسکتا ہے۔ فریج اور فریزرمیں قربانی کے گوشت کو محفوظ رکھنے کیلئے منصوبہ بندی کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ پہلے گوشت کا اندازہ لگا لیں کہ فریج یا فریزر میں کتنے کلو گوشت کو رکھا جاسکتا ہے اس کے مطابق ان میں گوشت رکھنے کی تیاری کریں۔ عید سے دو یاتین دن قبل اپنے فریج اور فریزر کی صفائی کرلیں، فالتو اشیاءکو ہٹادیں۔ فریزر کی کی صفائی کرتے ہوئے اس پر المونیم یا باریک پلاسٹک بچھا دیں تا کہ گوشت کے پیکٹس فریزر کی سطح پر نہ چپک سکیں اور فریزر کی دیواروں پر گلیسرین لگادیں اس سے جمی برف نکالنے میں آسانی ہوگی۔ قربانی کے گوشت کو فریزر اور فریج میں رکھنے میں تاخیر نہ کریں۔ فریج سے باہر دو گھنٹے تک گوشت کو چھوڑے رکھنے پر بیکٹریا کا حملہ ہوسکتا ہے، اس سے گوشت خراب ہوسکتا ہے۔گوشت کے مقابل دالیں زیادہ عرصہ تک اس لئے محفوظ رہ سکتی ہیں کیونکہ ان میں پانی یا تو کم ہوتا ہے یا پھر نہیں ہوتا۔ گوشت میں 90 فیصد پانی ہوتا ہے۔ بہتر یہی ہے کہ گوشت کو کپڑے سے خشک کرلیں پھر فریج میں پلاسٹک کی تھیلیوں میں اچھی طرح بند کر کے رکھیں۔

اگر آپ فریزر میں گوشت رکھتی ہیں تو اس میں دیگر پھل اور ترکاریاں نہ رکھیں ،کیونکہ گوشت کی بو سے یہ چیزیں خراب ہوسکتی ہیں۔ گوشت کو فوری فریزر میں رکھنے سے بیکٹریا نشونما نہیں پاتے، جس سے گوشت چند دنوں تک قابل استعمال رہتا ہے۔ گوشت سے لگی چربی کو نکال دیں اور اسے پلاسٹک کی تھیلی یا المونیم بیگ میں اچھی طرح پیک کر کے رکھیں۔ گوشت کے ساتھ جتنی چربی کم رہے گی اتنا ہی گوشت محفوظ رہے گا۔ غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈیڑھ دوماہ تک گوشت کو فریزر یا فریج میں محفوظ رکھا جاسکتا ہے ۔ اسی طرح فریج کے درجہ حرارت کو بار بار کم یا زیادہ کرنے سے گریز کریں اس سے گوشت کی صحت متاثر ہوسکتی ہے۔

گوشت کے بجائے اس کا قیمہ بھی بنا کر محفوظ کیا جاسکتا ہے۔اگرکباب بنالیے جائیں تو زیادہ بہتر رہتا ہے ۔ قربانی کے فوری بعد گھروں میں کلیجی، گردے بنانے کا رجحان عام ہوتا ہے ،پکانے سے قبل کلیجی کی صحت کی جانچ کریں یہ دیکھ لیں کہ کہیں کلیجی میں سوراخ، پھوڑا تو نہیں ہے کہیں کلیجی کا رنگ تبدیل تو نہیں ہوا ہے اگر ایسا کچھ دکھائی دے تو اس کلیجی کو نہ پکائیں کیونکہ اس سے فوڈ پوائزننگ کی شکایت ہوسکتی ہے۔ قربانی کے دوران سب سے اہم اور توجہ طلب بات یہ ہے کہ قربانی کے گوشت کو اخبار کے کاغذ میں لپیٹ کر تقسیم نہ کریں اور نہ ہی رکھیں کیونکہ سیاہی میں سیسہ کا جُز شامل ہوتا ہے جو انسانی صحت کیلئے انتہائی خطرناک ہے۔

تازہ ترین