راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے ) راولپنڈی کینٹ بورڈ نے عیدالاضحٰی کے موقع پر قربانی کی آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کیلئے تقریباً ایک سو چھوٹی بڑی گاڑیوں کا استعمال کیا جائے گا، صفائی پلان پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے ہر وارڈ میں ایک، ایک شکایات سیل قائم کر دیا ہے جبکہ کینٹ بورڈ کے سہولیاتی مرکز میں شکایات مرکز بھی قائم کیا جائے گا جو چوبیس گھنٹے کھلا رہے گا ، ایگزیکٹو آفیسر راولپنڈی کینٹ بورڈ سبطین رضا کی طرف سے جاری تحریری پلان کے مطابق عیدالاضحٰی کے دوران تمام عملہ شام تک اپنے اپنے علاقوں ڈیوٹی دے گا ، مساجد ، عیدگاہوں ،مین روڈز، گلی محلوں اور اجتماعی قربان گاہوں کی صفائی پر خصوصی توجہ دی جائے گی ، تمام سینٹری انسپکٹرز، سینٹری سپروائزر روزانہ اپنا کام مکمل کر کے دفتر رپورٹ کرینگے، سہولت مرکز میں قائم شکایات سیل میں شیخ شاہد، فرحان عزیز اور رضوان فضل ڈیوٹی دینگے جبکہ دس وارڈز میں بھی شکایات سیل قائم کر دیئے گئے ہیں جو عید کے روز سے فعال ہونگے، ہر وارڈ کیلئے گاڑیاں بھی مختص کر دی گئی ہیں ، اس دوران تمام سٹیشن سے آلائشیں اٹھاکر ڈمپنگ پوائنٹس پر ٹھکانے لگائی جائیں گی ، اس کیلئے بڑے بڑے گڑھے کھودے جائیں گے اور ان کی گہرائی چودہ فٹ تک ہو گی اور روزانہ کی بنیاد پر وہاں آلائشیں دبائی جائیں گی جن پر چونے کا چھڑکائو بھی کیا جائے گا، کینٹ میں جہاں پانچ مقامات پر اجتماعی قربانی ہو گی وہاں پر پانچ سپروائزر کی ڈیوٹی لگا دی گئی ہے، پانچ منتقلی سٹیشن بھی قائم کئے جائیں گے ، آلائشوں کی منتقلی کیلئے 10ڈمپر، پانچ ہینو ٹرک، پانچ کمپیکٹر، چھ شاول ، آٹھ ڈمپر دس وہیلر، تین ایکسیویٹر مشین، 20ٹپرز ، 16سوزوکی ، 13ٹریکٹر ٹرالیاں، 7شاہ زور استعمال کی جائیں گی، ایگزیکٹو آفیسر صفائی کے حوالے سے اجتماعی ذمہ داری چیف سینٹری انسپکٹرمحمد وارث بھٹی کے سپرد کر دی ہے ۔