پشاور (نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ الیکشن میں کامیاب ہونے والے ابھی تک حیران ہیں کہ انہیں اتنا ووٹ کیسے پڑ گیا ۔ الیکشن کمیشن انتخابات کے حوالے سے عوام کو مطمئن نہیں کر سکا ۔ ہم پاکستان کو ایک ویلفیئر اسلامی ریاست بنانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ جب تک عام آدمی کا مسئلہ حل نہیں ہوتا ملک و قوم خوشحال نہیں ہوسکتے ۔ موجودہ نظام عوام کے مسائل میں کمی لانے کی بجائے اضافہ کر رہاہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پشاور میں عید ملن اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سراج الحق نے کہاکہ موجودہ حکومت کے لیے کرپشن اور بے روزگاری کا خاتمہ بڑا مسئلہ ہے ۔ نوجوانوں کے لیے روزگار اور عام آدمی کے لیے انصاف کی فراہمی بہت ضروری ہے ۔ نئی حکومت اب چل پڑی ہے اور اسے اپنے منشور پر عمل کے لیے ابھی سے ان اقدامات کی ضرورت ہے جو عام آدمی کو بھی نظر آئیں ۔