اسلام آباد( نیوز رپورٹر )سی ڈی اے لیبر یونین ،امان اللہ خان گروپ کے مرکزی عہدیداروں پر مشتمل وفدنے جنرل سیکرٹری امان اللہ خان،صدر سید شباب بخاری ،چیئرمین اظہارعباسی کی قیادت میں پی ٹی آئی لیبر ونگ اسلام آباد کے راہنما سید فرزند شاہ ویوسی چیئرمین انجم شہزاد تنولی کے ہمراہ وزیر خزانہ اسد عمر سے اہم ملاقات کی ۔اس موقع پر جنرل سیکرٹری امان اللہ خان نے سی ڈی اے ملازمین کے منظورشدہ پلاٹوں کی قرعہ انداری،ڈبل بیسک،کنٹریکٹ /ڈیلی ویجز/مسٹرول کے ملازمین کی ریگولرائزیشن،کپیٹل الائونس کی مد میں کم ازکم پانچ سو فیصداضافہ ،ملازمین کے بچوں کی بھرتی،سپیشل پے سکیل،رول ٹونٹی کی بحالی وخصوصا سی ڈی اے کی تقسیم کی بجائے دیگر آپشن کیلئے میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد،سی ڈی اے انتظامیہ، سی بی اے ،اور پی ٹی آئی کے حکومتی بلدیاتی نمائندگان کے درمیاناہم معاملات کے حوالے سے خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کے اپنے خیالات سے وزیر خزانہ کوآگاہ کیا۔ اسد عمر نے کہا کہ مجھ سمیت پی ٹی آئی کے چیئرمین و وزیر اعظم عمران خان بھی چونکہ اسلام آباد سے قومی اسمبلی کے ممبر منتخب ہوئے ہیں اور وہ خصوصی طور پر اسلام آباد کی عوام کے نہ صرف شکرگزار ہیں بلکہ ان کیلئے خدمت کا جذبہ شعاربھی رکھتے ہیں اور وزیر اعظم عمران خان اسلام آباد کے مسائل کو ازخود دیکھ رہے ہیں۔ہم جلد اسلام آباد کی عوام کے معیار زندگی کو بہتربنانے کیلئے ان کی دہلیز پر خدمات بہم پہنچائیں گے اور خصوصی طورپر ان اداروں سے متعلقہ نمائندگان خوا ہ کسی بھی جماعت سے ہی کیوں نہ وابستگی رکھتے ہوں ان کو اعتماد میں لے کر اہم فیصلے کریں گے تاکہ اداروں کو مضبوط اورکرپشن زدہ شخصیات سے پاک کیا جاسکے ۔محنت کشوں سے وابستہ تمام مطالبات کے قانونی پہلوئوں کا جائزہ لینے کے بعد جلد ان کا تدراک کیا جائے گا۔