اسلام آباد( نمائند ہ جنگ) وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ نوٹوں کی تبدیلی سے متعلق جو خبر چل رہی ہے ،اس بارے میں لاعلم ہوں،ہمارا چیلنج کام کرنا ہے،اپوزیشن سے مقابلہ نہیں،ہمارا مقابلہ غربت اور بیروزگاری سے ہے ، ایف بی آر کی اصلاحات سے متعلق سمری کابینہ کو بھیج دی ہے، آئی ایم ایف کے پاس جانے سے متعلق ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا،کفایت شعاری مہم سے کتنی بچت ہوگی اس بارے میں حساب کتاب نہیں کیا ، ہمیں لوگوں نےاس لیے منتخب کرکے نہیں بھیجا کہ ہم بتائیں کہ خزانہ خالی ہے،پچھلے 4 ماہ سے ہر ماہ ہمیں 2 ارب ڈالر کا خسارہ ہورہا ہے،ہمارے زرمبادلہ کے ذخائر میں خطرناک حد تک کمی ہوئی ہے،ہم اپنا 100 روز کا ایجنڈا سامنے رکھ کر چل رہے ہیں،ہم نے اپنا ایجنڈا اور ترجیحات طے کرنی ہیں،ہماری کارکردگی پر جو تجزیہ ہوگا اس کا معیار یہی 100 دن کا منصوبہ ہوگا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کیا۔صحافی کے سوال ’’سنا ہے غیبی مدد آرہی ہےیا چائنہ ہماری اربوں ڈالر مدد کرنے کو تیار ہے ؟کے جواب میں وزیر خزانہ نے کہا کبھی خلائی مخلوق الیکشن کرارہی ہوتی ہے کبھی غیبی فرشتے ہوتے ہیں، جو کچھ بھی کرنا ہے وہ پاکستان کے عوام نے ہی کرنا ہے ،یہ جو میں واٹس ایپ گروپوں میں، سوشل میڈیا پر دیکھتا ہوں ایسا کچھ بھی نہیں ہے، تہران پر امریکی پابندیوں سے ہم پر اثر پڑے گا، درین اثناء وزیر خزانہ، ریونیو و اقتصادی امور اسد عمر کی زیر صدارت اقتصادی امور ڈویژن کے کام کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس ہوا جس میں مختلف دوطرفہ اور کثیر الجہتی ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ اقتصادی تعاون کے مختلف پہلوئوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی، انہیں غیر ملکی فنڈنگ کے حامل مختلف منصوبوں پر پیشرفت کے ساتھ ساتھ مستقبل کے امکانی منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا، وفاقی وزیر کو اقتصادی امور ڈویژن کے ڈیٹ مینجمنٹ کے کام کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی، اس موقع پر اسد عمر نے کہا کہ غیر ملکی امداد کی ضرورت کا تجزیہ ایک اہم کام ہے،اسد عمر سے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی اور چین کے سفیر ژائو جنگ نے ملاقات کی ، وفاقی وزیر نے چینی سفیر کو اقتصادی منصوبوں میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ، سعودی سفیر نے شاہ سلمان بن عبدالعزیزالسعود کی طرف سے خیر سگالی اور مکمل تعاون کا پیغام پہنچایا، وفاقی وزیر نے دونوں ممالک کے عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا،سفارتکاروں نے وفاقی وزیر کو نئی زمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباددی، سعودی سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات گہرے اور دیرینہ ہیں جو مستقبل کے ساتھ مزید پختہ ہونگے، چینی سفیر ژاو جنگ نے کہاکہ دونوں ممالک کے مابین اقتصادی تعاون سے خطے میں خوشحالی آئے گی اور پاک چین معیشت کو بھی استحکام ملے گا۔