اسلام آباد(نیوز رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ نوجوان ہی ملک و ملت کا مستقبل اور حقیقی سرمایہ ہیں،وطن عزیز پاکستان میں حقیقی تبدیلی نوجوانوں کے ذریعے سے ہی ممکن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی میں اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کی مرکزی شوریٰ کے ششماہی جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم اعلیٰ محمد عامر بھی موجود تھے ۔ سراج الحق نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ ان نوجوانوں کی فکری ،علمی،ذہنی اور جسمانی تربیت کا وہ واحد پلیٹ فارم ہے کہ جس نے ماضی میں تربیت کے ذریعے ایمان دار اور دیانت دار افرادتیار کیے جو آج خدمت،سیاست اور دیگر شعبوں میں ملک و ملت کے لئے اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔اس وقت تعلیمی نظام میں انقلابی تبدیلیوں کی ضرورت ہے تاکہ ملک میں یکساں نظام تعلیم رائج ہو ۔آج تک کسی حکومت نے نوجوانوں کے مسائل کی طرف توجہ نہیں دی۔نوجوان کی ایک فوج ظفر موج ہے جوہاتھوں میں ڈگریاں پکڑے روزگار کی تلاش میں مارے مارے پھرتے ہیں۔دوسری طرف دو کروڑ سے زائد بچے سکولو ں سے باہر ہیں ان کی طرف کسی کی توجہ نہیں۔حکومت نے اپنے منشور میں اعلان کیا ہے کہ ایک کروڑ نوجوانوں کو روزگار دیاجائے گا اور تعلیم کو معیاری بنانے کی طرف خصوصی توجہ دی جائے گی، اس پر کہاں تک عملدرآمد ہوتاہے ، آنے والا وقت بتائے گا۔دریں اثنا فیصلہ کیا گیا کہ چودہ ستمبر کو راولپنڈی میں تحفظ ناموس رسالتؐ مارچ کیا جائے گا۔