ڈیرہ غازیخان(نمائندہ جنگ) ٹیچنگ ہسپتال میں خاتون نے بچے کو کھلے آسمان تلے روڈ پر جنم دے دیا،متاثرین کا تعلق ٹرائیبل ایریا کے بزدار قبیلے سے ہے،ٹیچنگ ہسپتال میں اس قسم کا یہ پانچواں واقعہ ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان خان بزدار کے علاقے ٹرائبل ایریا بارتھی کا رہائشی عبدالستار بزدار اپنی بیوی عالیہ کو ڈلیوری کیلئے ٹیچنگ ہسپتال کے گائنی وارڈ لایا جہاں اسے داخل کرکے فارم دے دیا گیااورڈاکٹروں نے باہر کے الٹرا ساؤنڈاور ٹیسٹ لکھ کر دے دئیے، مریضہ پر کوئی توجہ نہ دی ، لواحقین نے الزام لگایا کہ خون کا بندوبست نہ کرنے پر ڈیوٹی ڈاکٹروں نے مریضہ کو گائنی وارڈسے باہر نکال دیا، مریضہ کو پرائیویٹ لیکر جارہے تھے کہ حالت بگڑنے پر ہسپتال کے باہر سروس روڈ پر مریضہ نے بچے کو جنم دے دیا ،مریضہ کئی گھنٹے کھلے آسمان تلے نومولود کے ہمراہ پڑی رہی ،مقامی لوگوں نے ریسکیوٹیم کو کال کی انہوں نے موقع پر پہنچ کو بچے کا چیک اپ کیااور خاتون کو ٹیچنگ ہسپتال کے گائنی وارڈ اور بچے کو چلڈرن وارڈ میں منتقل کیا ۔ڈپٹی کمشنر نے لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔