کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی کے ڈچ کوچ رولینٹ اولٹمنز نے چارج سنبھالنے کے بعد ایشین گیمزمیں سونے کے تمغے کوہدف قرار دیا تھا لیکن پاکستانی ٹیم کا ایشین گیمز جیتنے کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوسکا۔ سالہا سال تک عالمی ہاکی پر راج کرنے والی پاکستان اور بھارت کی ہاکی ٹیموں کو ایشین گیمز سیمی فائنل میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ جاپان کے ایک کاری وار نے گرین شرٹس کو گولڈمیڈل کی ریس سے باہر کردیا۔ ماہرین نے روایتی حریفوں کے درمیان فائنل کھیلنے کی پیش گوئی کی تھی اب دونوں ٹیمیں کانسی کے تمغے کے لئے مقابلہ کریں گی۔ ایشین گیمز میں پاکستانی ٹیم اب اسکواش میں گولڈ میڈ ل جیت سکتی ہے۔ فائنل ملائشیا اور جاپان کے درمیان کھیلا جائے گا۔ سیمی فائنل کے بعد پاکستانی دستے میں صف ماتم بچھ گئی اور کئی کھلاڑی زار و قطار روتے ہوئے دکھائی دیئے۔ جمعرات کو سیمی فائنل میں جاپان نے پاکستانی خواب چکنا چور کردیے اور ایشیائی ہاکی کی سابق سپر پاور پاکستان کو ایک گول سے شکست دی۔ پاکستان ٹیم نے گول کرنے کے کئی مواقع ضائع کئے۔ جبکہ پنالٹی کارنر سے بھی فائدہ اٹھایا نہ جاسکا۔ پاکستان کو گول برابر کرنے کا ایک موقع ملا لیکن پنالٹی اسٹروک دینے کے بعد امپائر نے ٹی وی امپائر کی مدد سے فیصلہ تبدیل کردیا۔ پاکستان اور بھارت ایونٹ کی واحد دو ٹیمیں تھیں جوسیمی فائنل تک ناقابل شکست تھیں۔ جکارتہ میںہاکی کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت اور ملائیشیا کی ٹیموں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوا اور اس کا فیصلہ پنالٹی اسٹروکس پر ملائیشیا کے حق میں 7-6 پر ہوا۔ بھارتی ہاکی ٹیم نے مجموعی طور پر حریف ٹیموں کے خلاف 70 سے بھی زائد گول اسکور کیے۔ لیکن سیمی فائنل میں وہ ہار گئی۔ میچ مقررہ وقت تک کھیل 2-2 سے برابر رہا تھا۔ بھارتی ٹیم نے میچ کی ابتدا سے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور حریف کی ٹیم پر تابڑ توڑ حملے کرنے کے ساتھ ساتھ متعدد پینالٹی کارنر بھی حاصل کیے لیکن وہ کوئی گول اسکور نہ کر سکی۔ دوسری جانب ٹورنامنٹ میں اب تک شاندار کارکردگی دکھانے والی پاکستانی ٹیم نے سیمی فائنل میں مایوس کن کھیل پیش کیا۔ پاکستان ٹیم جاپان کے خلاف پہلے کوارٹر میں خسارے میں چلی گئی اور میچ کے اختتام پر اسکور جاپان کے حق میں 0-1 ہی رہا۔ پاکستان نے جوابی گول کرنے کی بھرپور کوشش کی تاہم جاپانی دفاع نے اسے ایسا کرنے سے باز رکھا۔ میچ کے پہلے کوارٹر میں دونوں ٹیمیں کوئی گول اسکور نہ کر سکیں لیکن دوسرے کوارٹر کے تیسرے ہی منٹ میں جاپان کو پینالٹی کارنر ملا جس پر شوٹا یماڈا نے میچ کا واحد گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ اس کے بعد پاکستانی ٹیم نے میچ میں واپسی اور مقابلہ برابر کرنے کی سر توڑ کوششیں کی لیکن وہ ان کی کوئی بھی کوشش کارگر ثابت نہ ہوئی اور جاپان نے دن کا دوسرا اپ سیٹ کرتے ہوئے پاکستان کو 0-1 سے شکست دے کر فتح اپنے نام کر لی ۔میچ میں پاکستانی ٹیم کو 4 پینالٹی کارنر ملے جس میں سے وہ کسی کو بھی گول میں تبدیل نہ کر سکے۔ واضح رہے کہ قومی ٹیم راؤنڈ میچوں میں ناقابل شکست رہی تھی اور اس نے اپنے پانچوں میں بھاری مارجن سے کامیابی حاصل کی تھی۔ تیسرے کوارٹر کے آغاز کے تیسرے ہی منٹ میں بھارتی کے ہرمن پریت سنگھ نے پنالٹی کارنر پر گول کرتے ہوئے ٹیم کو برتری دلا دی جب کہ 39ویں منٹ میں ملائیشیا کے فیضل ساری نے پنالٹی کارنر کو کارآمد بناتے ہوئے مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا۔ایک منٹ بعد ہی بھارت کے ورون کمار نے پنالٹی کارنر پر گول کرتے ہوئے ٹیم کو ایک بار پھر برتری دلا دی۔ میچ کے اختتام سے دو منٹ قبل ملائیشیا کے محمد رضی رحیم گول کرتے ہوئے ٹیم کو میچ میں واپس لائے اور مقابلہ 2-2 کی برابری پر اختتام پذیر ہوا جہاں پنالٹی شوٹ آؤٹ پر بھارت کو 6-7 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔