• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہاکی ٹیم کی جاپان سے شکست پر سابق اولمپئنز برہم، فیڈریشن میں تبدیلی کیلئے ہم آواز

اسلام آباد (نیوز ایجنسیز) ایشین گیمز میں قومی ہاکی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی اور جاپان سے شکست پر سابق اولمپئنز برہم اور پی ایچ ایف میں تبدیلی کیلئے ہم آواز ہوگئے۔ وزیر اعظم عمران خان سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔ سابق اسٹارز کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کرکٹ کی طرح ہاکی میں بھی تبدیلی لائیں ۔ دعووں کے باجود ایشین گیمز کے فائنل میں نہ پہنچے پر ہاکی فیڈریشن کے عہدیداران فوراً مستعفی ہو جائیں۔ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ خواجہ جنید نے کہاکہ پاکستان کا جاپان جیسی ٹیم سے ہارنا لمحہ فکریہ ہے، ایشین گیمز کی تاریخ میں پاکستان کی یہ بد ترین کارکردگی ہے، پاکستان نے اولمپکس میں کوالیفائی کرنا کا آسان موقع ضائع کر دیا ہے،ہاکی فیڈریشن حکام مستعفی ہو جائیں ۔ سابق اولمپئن دانش کلیم نے کہاکہ وزیر اعظم ہاکی میں نئے لوگوں کو ذمہ داریاں دیں، اتنے فنڈز ملنے کے باوجود فیڈریشن ڈیلیور نہ کر سکی۔ قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان حنیف خان نے کہا کہ موجودہ فیڈریشن کے دور میں پاکستان ہاکی ٹیم نے کوئی ٹائٹل نہیں جیتا، وزیر اعظم کرکٹ کی طرح ہاکی میں بھی تبدیلی لائیں، فیڈریشن کو جو فنڈ ملے اس کا احتساب ہونا چاہیے، اولمپئن انجم رشید نے کہا کہ موجودہ ہاکی فیڈریشن نے قومی کھیل کی ترقی کیلئے کوئی کام نہیں کیا، وزیراعظم خود بھی اسپورٹس مین ہیں، وہ قومی کھیل کو بچانے کیلئے ایکشن لیں، نئی حکومت فیڈریشن میں نئے لوگ لیکر آئے۔ اولمپئن وسیم فیروز نے کہاکہ ایشین گیمز میں جاپان سے شکست کے بعد پاکستان اولمپک 2020 کے دوڑ سے بھی باہر ہوگیا ہے، گزشتہ تین سال میں فیڈریشن کے موجودہ عہدیدار ایک جیت کا تحفہ نہیں دے سکے۔ شکست کے جواز تلاش کرنے کے بجائے فیڈریشن کے عہدیدار مستعفی ہوجائیں۔

تازہ ترین