پشاور (خبر نگار خصوصی) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن پشاور میں ہلا ل احمر پاکستان کے تعاون سے شجرکاری مہم کا آغاز کردیا گیا۔ اس سلسلے میں ایک تقریب منعقد ہوئی ،جس میں بورڈ کے چیئر مین پروفیسر ڈاکٹر فضل الرحمان نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی اور پودا لگا کر شجرکاری مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ بورڈ کا عملہ اور بورڈ کالونی میں رہائش پذیر افراد کی ایک کثیر تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔ مہم کے دوران بورڈ اور اس سے ملحقہ کالونی میں 100 پودے لگائے گئے۔ بورڈ کے چیئر مین نے اس موقع پر اپنے خطاب میں شجرکاری کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ یہ ایک مستقل صدقہ جاریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کل ملک کو ماحولیاتی آلودگی سمیت دیگر مسائل کا سامنا ہے ،اس لئے زیادہ سے زیادہ پودے لگاکر ماحول کو خوشگوار بنایا جاسکتا ہے۔