• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صوبائی وزیرصحت کا بینظیر اور ہولی فیملی ہسپتال کا دورہ ، ناقص انتظامات پر برہمی

راولپنڈی(خصوصی نمائندہ)صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشدنے گزشتہ روز بے نظیر بھٹو اور ہولی فیملی ہسپتال کا دورہ کیا ۔صفائی کے ناقص انتظامات اور ایک ایک بیڈ پر تین تین مریضوں کی موجودگی پر برہمی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے ایک لیڈی ڈاکٹر کو دوران ڈیوٹی ٹیلی فون سننے پر بھی سخت ناراضگی کا اظہار کیا ۔ یاسمین راشد نےبے نظیر بھٹوہسپتال کی ایمرجنسی،او پی ڈی اور دیگر شعبوں کا دورہ کیا۔ اس وقت ایم ایس موجود نہیں تھے جو بعد میں آئے، انہوں نے مریضوں کے اندراج کا بھی جائزہ لیا اور سست روی پرڈاکٹروں کی سرزنش کی۔ انہوں نے مختلف ڈاکٹرز کی کمروں میں عدم موجودگی اور اے سی چلنے پر برہمی کا اظہار کیا ۔ وہ گائنی وارڈ میں ایک بستر پر تین تین مریضوں کی موجودگی پر بھی برہم ہوئیں۔ انہیں بتایا گیا کہ 100بستر ہیں اور165مریض ہیں ۔ اس موقع پر انہوں نے مریضوں سے علاج معالجہ کی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا ۔ ایم ایس ڈاکٹر رندھاوا نےکہا کہ جگہ کی کمی کی وجہ سےہسپتالوں میں رش ہے،کئی منزل عمارتیں بنانی ہوں گی۔ وزیرصحت نے ہدایت کی کہ سہولتوں کی فراہمی اور وسائل کےبارے میں تفصیلی رپورٹ دی جائے۔انہوں نے دوران ڈیوٹی ڈاکٹرز کے موبائل سننے پر پابندی کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔ہولی فیملی ہسپتال کی ایمرجنسی میں انہوں نے مریضوں سے خیریت دریافت کی۔ انہوں نے پی جی اور ایم او کی مریضوں کی دیکھ بھال کر نے اور رجسٹرار کی عدم موجو دگی پر برہمی کا اظہار کیا اور ان کو طلب کیا۔وزیر صحت پنجاب نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتالوں کیلئےفنڈ کی بہت کمی ہے۔ تمام فنڈز میٹرو اور اورنج ٹرین پر لگادیئے جاتے ہیں۔ یہاں مریضوں کی صورتحال دیکھ کر میرا دل کرتا ہے میٹرو بس کو وارڈ بنا کر مریضوں کو شفٹ کر دوں ۔ انہوں نے کہا ہسپتالوں میں وسائل کی کمی کی وجہ سے بے شمار مسائل ہیں۔
تازہ ترین