لاہور (خصوصی نمائندہ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ جعلی اور بوگس حکمران خاطر جمع رکھیں دھاندلی ہضم نہیں ہونے دینگے اور نہ ہی پارلیمانی کمیشن کے مطالبے سے دستبردار ہوں گے، بلدیاتی اداروں کو بلڈوز نہیں کیا جا سکتا اور زمینوں پر قبضہ کرنے والے علیم خان اب بلدیاتی اداروں پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) ماڈل ٹائون سیکرٹریٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ نیازی صاحب کو علم ہونا چاہیے کہ یہ کوئی ہسپتال نہیں بنانا بلکہ ملک کے معاملات ہیں جن کو چلانا ان کے بس کی بات نہیں۔ انہوں نے کہاکہ کنیٹینر پر چڑھ کر گالیاں دینے اور امور مملکت کی باگ ڈور سنبھالنا مختلف معاملات ہیں۔ لوگوں سے بھیک مانگ کر ڈیم نہیں بنتے نہ ہی ملک کے مسائل حل ہوتے ہیں۔ حمزہ شہباز نے بلدیاتی اداروں کے چیئرمینوں اور وائس چیئرمینوں کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام مینڈیٹ پر دوبارہ ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے۔ لوگوں نے اپنے بلدیاتی نمائندے منتخب کئے ہیں اور کسی کو حق نہیں پہنچتا کہ راتوں رات نیا سیٹ اپ لانے کی سازش کرے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اپنے آئینی اور قانونی حق سے دستبردار نہیں ہو گی اور عدالتوں سے رجوع کرنے کے علاوہ عوام کو سڑکوں پر لانے کا آپشن بھی استعمال کر سکتی ہے۔ حمزہ شہباز نے این اے 124کے ضمنی الیکشن کے حوالے سے بھی اجلاس میں شرکت اور مسلم لیگی اراکین اسمبلی و پارٹی رہنمائوں سے کہا کہ وہ ضمنی الیکشن میں پارٹی امیدوار شاہد خاقان عباسی کی کامیابی کیلئے بھرپور کوششیں کریں۔