• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکمرانوں میں فیصلوں کی صلاحیت نہیں، احسن اقبال، سی پیک کیخلاف ہر سازش ناکام بنادینگے، شہبازشریف

اسلام آباد؍لاہور(جنگ نیوز) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) گیم چینجر ہے جس کو منجمد کرنا 22 کروڑ عوام کے ساتھ زیادتی ہوگی، سی پیک کیخلاف ہرسازش ناکام بنادینگے۔ دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت سی پیک کو سبوتاژ کرنے کیلئے لائی گئی ہے تاہم پوری قوم سی پیک کی حفاظت کرے گی ، (ن) لیگ دھرنے اور لاک ڈاون نہیں کرے گی، حکمرانوں میں فیصلوں کی صلاحیت نہیں ہے۔ شہباز شریف نے پارلیمنٹ ہاؤس میں اپوزیشن لیڈر کے چیمبر میں ہونیوالی تزئین و آرائش کا جائزہ لیا۔ چیمبر کے جائزے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے حکومت کی فیصلہ سازی کی قوت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا باقاعدہ میڈیا پر اعلان ہوا جس پر ہم نے آواز اٹھائی تو وزیر اطلاعات نے کہا کہ کوئی ایسی بات نہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اب اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں گیس کی قیمتوں میں اضافہ مؤخر کرنے کی خبر آئی، حکومت فیصلہ کرکے پیچھے ہٹنے سے کیا تاثر دے رہی ہے؟ شہباز شریف نے کہا کہ سی پیک سے پاکستان کو بے پناہ فائدہ ہوگا جس سے زراعت اور کاروبار کو فروغ ملے گا، یہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے تحفہ ہے لہٰذا اس کو منجمند کرکے کفران نعمت نہیں کرنا چاہیے۔ واضح رہے کہ برطانیہ کے معروف اقتصادی جریدے ʼفنانشل ٹائمز نے اپنی حالیہ رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان کی نئی حکومت چین کے ساتھ سی پیک معاہدے پر نظرِثانی پر غور کر رہی ہے۔ پیر کو احسن اقبال نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہمیں خوشی ہے کہ ہم نے توانائی کے بحران کو ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کیا، اس کے علاوہ ہم نے پانی کے معاملے پر بھی اقدامات کئے۔ انہوں نے کہا کہ دیامر بھاشا ڈیم کا بھی دو مرتبہ افتتاح کیا گیا جنرل پرویز مشرف نے بھی اپنے نام کی تختی لگا دی ایک مرلہ بھی کسی نے نہیں خریدی، دیامر بھاشا ڈیم 14 ارب ڈالر کا پراجیکٹ ہے اس میں تقریباً 7 ارب کا ڈیم ہے اور 7 ارب کا پاور پراجیکٹ ہے۔ بجلی کی کمی کو پورا کرنا ہماری ترجیح تھی ابھی تک ڈیم فنڈ کے لئے دو ارب روپے اکٹھے ہوئے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ عدلیہ کا احترام کیا ہے۔ ججز نے میرے موقف کی تائید کی عدلیہ انصاف کی آخری پناہ گاہ ہے۔ ان منصوبوں کو سنجیدگی ے لینا ہوگا ہم نے اس معاملے پر چائنہ کو راغب کیا تھا ، انہوں نے کہا کہ اچھی بات ہے کہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں سے پیسے لے رہی ہے ہم نے کسی سے کوئی چندہ نہیں مانگا۔

تازہ ترین