• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خلیفہ دوم نے حق و باطل کے فرق کو واضح کیا، قاری امین چشتی

لندن(پ ر)جامع مسجد اسلامک سینٹر ساوتھ آل لندن کے زیر اہتمام قاری محمد امین چشتی السعیدی کی زیر نگرانی سالانہ عظیم الشان جلسہ بسلسلہ شہادت حضرت سیدنا فاروق اعظمؓ منعقد ہوا جس میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ خواجہ محمد آصف، چوہدری محمدارشد، متین چشتی، محمد نوید اور ضمیر منصوری نے منظوم حدیہ عقیدت پیش کیا، جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے جامع مسجد اسلامک سنٹر سائوتھ آل لندن کے خطیب اور جمعیت علمائے جموں و کشمیر برطانیہ کے چیف آرگنائزر قاری محمدامین چشتی السعیدی نے کہا کہ حضرت سید فاروق اعظم ؓ کے اسلام قبول کرنے کے بعد آپ کی ہی وجہ سے علی الاعلان اذان نماز اور دین کی تبلیغ ہونے لگی۔ آپؓ نے اپنے عمل سے ثابت کیا کہ حق و باطل میں بڑا فرق ہوتا ہے آپ کے مذہبی ولولہ جوش و خروش اور دینی غیرت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ قاری امین نے کہا کہ حضرت عمر فاروق کی وجہ سے اسلام کو قوت و عزت ملی، آپؓ عدل و انصاف کے پیکر تھے، پچیس لاکھ مربع میل کا فرمان روا حکمران مگر عاجزی و انکساری کا یہ عالم کہ ایک فاتح کی حیثیت سے بیت المقدس میں داخل ہوتے ہیں تو خود پیدل ہیں اور سواری پرغلام کو بٹھا رکھا ہے آج کے حکمران جسموں پر حکومت کرتے ہیں اور حضرت عمر ؓ نے دلوں پر حکومت کی، آج کے حکمرانوں کیلئے حضرت عمرؓ کی سیرت ایک درس ہے اس پر عمل کریں تو پوری دنیا سے دہشت گردی کا خاتمہ ہو جائے اور دنیا امن و سکون کے ساتھ زندگی گزارے، جلسہ کے مہمان ممتاز عالم دین علامہ محمد شاہد رضا، نعیمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت سید عمر فاروق کا دبدبہ و شان آج بھی اسی طرح باقی ہے، حضرت عمر ؓ وہ عظیم شخصیت ہیں جس کی نیکیاں آسمان کے تاروں کے برابر ہیں اور شیطان آپ ؓ کے سائے سے بھاگتا تھا۔ آپؓ کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ جلسہ میں مولانا حافظ محمد یونس، حافظ محمد عثمان ، علامہ ڈاکٹر محمد راشد ضیاء نعیمی، علامہ شاہد رضا نعیمی، خواجہ محمد آصف، حاجی محمد خلیل، چوہدری محمد ارشد، محمد نوید محمد اورنگزیب، شیخ طاہر، شہادب الدین اور قاری متین چشتی نے شرکت کی، جلسہ کا اختتام دعا پر ہوا۔
تازہ ترین