• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیم فنڈ پر اعتراض کرنے والے پہلے اپنے گریبانوں میں جھانکیں ، راشد حفیظ

راولپنڈی (خصوصی نمائندہ)پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ ’’ قرض اتارو، ملک سنوارو‘‘ کے نام پر قوم سے اربوں روپے کی بھیک لے کر فراڈ کرنے والوں کے حامی آج وزیر اعظم اور چیف جسٹس کے ڈیم فنڈپر تنقید کر رہے ہیں ۔ یہ فنڈعوام کی امانت ہو گا جو صرف اور صرف ڈیموں کی تعمیر پر ہی خرچ ہوگا اور اس کا حشر ’’قرض اتارو ، ملک سنوارو ‘‘ جیسا ہر گز نہیں ہوگا ۔ ڈیم فنڈ پر اعتراض کرنے والے پہلے ذرا اپنے گریبانوں میں جھانک لیں ۔ یہ بات انہوں نے تحریک انصاف کے کارکنوں سے اپنے دفتر میں بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ ہمارے ملک میں کرپشن اتنی جڑ پکڑ چکی ہے کہ لوگوں کو ہر معاملے میں شک ہوتا ہے ۔ وزیر اعظم اور چیف جسٹس کا ڈیم فنڈ سو فیصد ایمانداری اور دیانتداری کے ساتھ ڈیموں کی تعمیر پر خرچ ہوگا ۔ اس مد میں جمع ہونے والی رقوم کسی اور مقصد کیلئے استعمال نہیں ہونگی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کے مستقبل کا سوال ہے جس میں پوری قوم کی معاونت حاصل کرنا احسن قدم ہے ۔
تازہ ترین