لاہور(نمائندہ جنگ)سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ملک کے تمام اداروں سے کہا ہے کہ وہ آئینی حدود میں رہ کر کام کریں، جمہوریت کو درپیش خطرات کی نوعیت تبدیل ہوگئی ۔عالمی یوم جمہوریت کے موقع پر پیغام میں سابق صدر نے کہا کہ قانون کی حکمرانی ،شفافیت، سب کے احتساب اور مخالفت کی آواز برداشت کرنے کے ساتھ اداروں کا آئینی حدود میں کام کرنا ضروری ہے، جمہوریت کو وقت کے ساتھ خطرات کی نوعیت بھی بدل گئی ہے، ایک وقت تھا جب جمہوریت پر براہِ راست حملہ ہوتا تھا اور اسے نظریہ ضرورت ،لیگل فریم ورک آرڈر اور پی سی اوز کے ذریعے تحفظ دیا جاتا تھا اور ایسے اقدامات کو پی سی او جج تحفظ فراہم کرتے تھے، اب وقت کے ساتھ جمہوریت کو درپیش خطرات کی نوعیت تبدیل ہوگئی ہے، جمہوریت کو انتہاپسندوں اور عسکریت پسندوں سے خطرہ لاحق ہے کیونکہ یہ لوگ طاقت کے ذریعے اپنا ایجنڈا مسلط کرنا چاہتے ہیں نہ کہ پارلیمنٹ کے ذریعے۔