لاہور (جنگ نیوز) سابق وزیراعظم نواز شریف نے والدہ کے ہمراہ اپنی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی قبر پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی، مرحومہ کی رسم قل اتوار کو ادا کی جائے گی۔ دوسری جانب جاتی امرا میں بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر تعزیت کیلئے آنے والوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔آصف زرداری اور بلاول کی جانب سے آج تعزیتی ملاقات کیے جانے کا امکان ہے۔ دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بیگم کلثوم نواز کی تدفین میں شرکت کیلئے آنیوالے قائدین اور ہزاروں افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کی دعاؤں نے دکھ کی اس گھڑی میں پورے خاندان کی ڈھارس بندھائی تاہم معزز اہل وطن کو دقت اور زحمت سے بچانے کی خاطر رسم قل میں صرف شریف فیملی کے افراد ہی شریک ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج رسم قل کے سلسلے میں اپنے علاقوں میں قرآن خوانی کا اہتمام کریں۔ ہفتے کو اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ رسم قل میں صرف شریف فیملی کی شرکت عوام، ہمدردوں، غمگساروں ، پرخلوص دعاؤں اورمحبت سے ہماری قوت بننے والے دوستوں کو زحمت اور پریشانی سے بچانے کے لئے ہے۔