ملتان........ملتان میں ڈسکاؤنٹ آفر کا جھانسہ دے کر سادہ لوح شہریوں سے لاکھوں روپے بٹورنے والے شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے، ملزم شہریوں کو آفر دیتا تھا کہ جو چاہیے مارکیٹ سے آدھی رقم میں مل جائے گی۔
پولیس کے مطابق چوک قذافی کے قریب عبدالحسیب ملک نامی شخص نے ڈسکاؤنٹ آفر کا آفس بناکر رکھا تھا جہاں اس نے شہریوں کے لئے آفر رکھی تھی کہ انہیں جو بھی چاہیے وہ مارکیٹ سے انہیں آدھی رقم میں اس کے پاس سے مل جائے گی، لیکن رقم ایڈوانس میں جمع کرانی ہوگی اور مطلوبہ شے انہیں دو ماہ کے بعد ملے گی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے ڈسکاؤنٹ آفر کا جھانسا دے کر لوگوں سے لاکھوں روپے بٹورے اور آج فرار ہونے والا تھا کہ اہل علاقہ نے اسے تشدد کا نشانہ بنایا اور اس کے دفتر میں توڑ پھوڑ کی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔