صوابی( نمائندہ جنگ) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ سی پیک سمیت تمام منصوبوں کو ہر حال میں اپنے دور حکومت میں پایہ تکمیل تک پہنچا ئیں گے، رشکئی کے مقام پر سی پیک کے منصوبے کے تحت اکنامک زون کا افتتاح دو ماہ کے اندر اندر کیا جائیگا ان خیالات کااظہار انہوں نے ضلع کونسل ہال صوابی میں ممتاز قومی شخصیت اور آئی ایس آئی اسلام آباد کے سابق سر براہ میجر (ر) محمد عامر کی صدارت میں صوابی الیکٹرانک میڈیا ایسو سی ایشن کی حلف بر داری تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کے دوران کیاجس میں انہوں نے ایسوسی ایشن کے صدر محمد فاروق، سر پرست اعلی ٰمحمد شعیب ، جنرل سیکرٹری عظمت علی خان، سینئر نائب صدر محمد عادل ، نائب صدر مصطفی کمال ، جوائنٹ سیکرٹری رخسار علی اورآفس سیکرٹری امجد علی سے حلف لیا،سپیکر اسد قیصر نے عہدیداروں کو مبارک باد دیتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایسو سی ایشن سے وابستہ صحافی اپنے ضلع کے اہم ایشوز اجاگر کرنے میں کلیدی کر دار ادا کرینگے انہوں نے کہا کہ اس وقت سب سے بڑا ایشو بجلی کا ہے اور ہمارے ضلع صوابی میں نہ صرف لوڈ شیڈنگ بلکہ کم وولٹیج کا مسئلہ بھی کئی سالوں سے جاری ہے ہماری خواہش ہے کہ پہلی فر صت میں اس مسئلے کو حل کر سکوں انہوں نے کہا کہ جب میں قومی اسمبلی کا سپیکر بنا تو اس وقت ایم ڈی گیس ، چیف پیسکو اور دیگر متعلقہ محکموں کے آفسران کو طلب کر لیا انہوں نے کہا کہ صوابی کو اس وقت مر دان اور تر بیلہ ڈیم سے بجلی فراہم کی جارہی ہے مر دان سے 120میگا واٹ جب کہ تر بیلہ ڈیم سے60میگا واٹ بجلی فراہم کی جاتی ہے جب کہ ضلع صوابی کی کل ضرورت 450میگا واٹ ہے کم بجلی کی فراہمی کی اصل وجہ سسٹم اور لائنز کا ہے کیونکہ موجودہ سسٹم میں زیادہ لوڈ بر داشت کرنے کی صلاحیت موجود نہیں ہے اس لئے ہم نے اجلاس میں فیصلہ کیا کہ صوابی میں 220کے وی اے کا ایک نیا گرڈ اسٹیشن قائم کیا جائیگا اسی طرح لاہور گرڈ اسٹیشن میں ساٹھ فی صد کام مکمل ہو چکا ہے جب کہ واپڈا حکام کو ہدایت جاری کیا کہ بقایا چالیس فی صد کام مکمل کیا جائے اسی طرح نواں کلی ، باجا بام خیل کے فیڈرز کے لئے وفاقی حکومت سے فنڈز لیں گے اس کے علاوہ چار چھوٹے گرڈ اسٹیشن بھی صوابی میں قائم کئے جائیں گے انہوں نے کہا کہ بجلی کا سسٹم اپ گریڈ کرنے سے چالیس سال تک ضلع صوابی میں وولٹیج اور لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ نہیں آئیگا اسی طرح ملاکنڈ تھری گرڈ اسٹیشن کا افتتاح سولہ اکتوبر کو ہو رہا ہے اسکے بعد مر دان سے زیادہ بجلی صوابی کو ملے گا انہوں نے کہا کہ صوابی کو گیس کی فراہمی کے لئے ایک ارب بیس کروڑ روپے ریلیز کر چکے ہیں تمام زیر التواء منصوبوں کو ہر حال میں مکمل کر کے رہیں گے انہوں نے کہا کہ غازی بروتھاڈیم کی تعمیر سے ہمارے دریائے سندھ کا پانی چلا گیا ہے جس کی وجہ سے دریائے سندھ خشک ہونے سے ہمارے صوبے اور دریائے سندھ کے بیلا جات خشک ہونے کے علاوہ ماہی گیروں اور مویشی چرانے والوں کا سارا کاروبار ختم ہو چکا ہے پانی کی سطح بحال کرنے کے لئے واٹر کمیشن کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس میں وفاقی پانی وبجلی کے وزیر، وفاقی مشیر ماحولیات امین اسلم کے علاوہ ضلع صوابی کے دو ایم پی ایز حاجی عبدالکریم خان اور رنگیز خان بھی اس کمیٹی میں شامل ہیں،موجودہ پارلیمنٹ کو مزید موثر کر کے اسے عالمی سطح پر پاکستان کا ایک با وقار اسمبلی بناونگا انہوں نے کہا کہ صوابی میں خوبصورت ترین پریس کلب بنانے کے لئے وفاقی اور صوبائی سطح پر عملی کر دار ادا کرونگا۔اور اس سلسلے میں صحافیوں کے جو ضروریات ہونگی اسے پورا کیا جائیگا ۔ آئی ایس آئی کے سابق افسرمیجر(ر) محمد عامر نے کہا ہے کہ آزاد الیکٹرانک میڈیا نے اس ملک کو ایک نہیں بے شمار فوائد اور سوغات دیئے ہیں اس نے لڑکھڑاتی جمہوریت کو نہ صرف سہارا دیا بلکہ اس کا تسلسل یقینی بنانے کے علاوہ جمہوریت کی ڈرائی کلیننگ کا عمل بھی جاری رکھا اتوار کی شام ضلع کونسل ہال صوابی میں صوابی الیکٹرانک میڈیاایسوسی ایشن کی حلف بر داری تقریب سے خطاب کر تے ہوئے میجر عامر نے کہا کہ ا سی میڈیا نے ہمار ی روایات ، اخلاقی اقدار اور بنیادی انسانی حقوق کی پاسداری اور تحفظ کی جنگ بھی لڑی اسی طرح الیکٹرانک میڈیا نے نہ صرف سیاسی شعور کو اُجاگر کیا بلکہ حکومت اور ملکی معاملات سے وابستہ ہر شخص کے لئے سخت گیر نگران اوربے رحم محتسب بن چکا ہے یہی وجہ ہے کہ آج کرپشن ، پروٹوکول اور حکومتی بد انتظامی کے خلاف عوامی نفرت زوروں پر ہے، انہوں نے کہا کہ حالیہ الیکشن میں پختونوں نے نفرت ، تعصب اور سیاسی اسلام کے سیلز مینوں کو مسترد کر دیا اور پختونوں کو پاکستان کی زیادہ سے زیادہ اور اونر شپ دلانے کا بہترین راستہ اختیار کیا یہی وجہ ہے کہ آج نہ صرف وفاقی حکومت اور بیورو کریسی میں پختون نمائندگی زیادہ ہے بلکہ پہلی بار ایک پختون سپیکر قومی اسمبلی بنے ہیں۔