• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پریمیئر لیگ کا آغاز پاکستانی فٹ بال کیلئے خوشگوار ہوگا،علی بہار

کراچی (اسٹاف رپورٹر)تین سال بعد پاکستان پریمئر لیگ کا آغاز قومی فٹ بالرز کیلئے انتہائی مسرت کن ہوگا۔عالمی فٹ بال میں جاتے ہی پاکستانی فٹ بالرز نے شاندار کارکردگی سے ملک نام فخر سے بلند کیا ہے، اس بات کا اظہار پی ایف ایف کی ایگزیکٹو کمیٹی کے سابق رکن علی بہار بروہی نے جنگ سے باتیں کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھاکہ تین سال کے وقفے کے بعد پاکستان پریمیئر لیگ فٹ بال ایونٹ 25 ستمبر سے ملک کے مختلف گرائونڈ پر ہوگا۔ یہی وہ قومی فٹ بال پیمانہ ہے جہاں نچلی سطح سے آنے والے کھلاڑی اپنے آپ کو منوا کر قومی ٹیم کا حصہ بنتے ہیں، بلاشبہ گزشتہ تین سالوں میں ملکی فٹ بال کو جو نقصان پہنچا ہے اس کا ازالہ ناممکن ہے، میں یہ سمجھتا ہوں کہ ماضی کی غلطیوں کو درگزر کرتے ہوئے ہمیں ایک ساتھ فٹ بال کے کھیل کو ترقی دینا ہوگی۔ گزشتہ تین سالوں میں پاکستان سے فٹ بال کا تقریباً نام و نشان مٹ گیا تھا لیکن فیصل صالح حیات نے جو قانونی جنگ لڑی اس پر میں اور میرے ساتھی انہیں مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ سندھ میں کھیل کی ترقی کیلئے جو ہدایت صدر پی ایف ایف دیں گے اس کے مطابق کام ہوگا۔ ہمیں آپس کے لڑائی جھگڑے بھلا کر فٹ بال کا جو نقصان ہوا ہے اسے پورا کرنا ہوگا۔ عالمی رینکنگ میں ہم سے بھی نیچے رہنے والی ٹیمیں گزشتہ تین سالوں سے ہماری غیر حاضری کے باعث آج ہم سے کئی درجے اوپر پہنچ چکی ہیں جس کا سب کو افسوس ہے لیکن پی ایف ایف کے سربراہ نے دوبارہ چار سنبھالتے ہی جو اقدامات کئے ہیں اس سے پاکستانی فٹ بال لورز اور کھلاڑی مطمئن ہیں کہ جلد ہی پاکستانی ٹیم عالمی رینکنگ میں پہلے سے بھی بہتر پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔
تازہ ترین