اسلام آباد( عاطف شیرازی) آپ نے بروز قیامت جوابدہ ہو نا ہے "کے جملے پر سینٹ کی داخلہ کمیٹی میں سینیٹر عتیق کا امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق پر پارہ چڑھ گیا، داخلہ کمیٹی میں سینیٹر سراج الحق کا ذاتی قرضوں پر سود کی ممانعت کا بل زیر غور تھا تب سینیٹر عتیق نےکہا کہ معاملہ رائے کیلئے وزارت قانون کو ارسال کردیا جائے جس پر سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ بل 2 سال سے ادھر ادھر کمیٹیوں میں جارہا ہے آپ نے قیامت کے روز جوابدہ ہونا ہے جس پر اچانک ہی سینٹر عتیق کا پارہ چڑھ گیا اور وہ شدید غصے میں ا ٓ کر احتجاج کےلیے کھڑے ہوگئےاور سینیٹر سراج الحق کو کہاکہ میں آپ جتنا ہی مسلمان ہو ں صرف آپ کی داڑھی لمبی ہے میں نے قران پڑھا بھی ہے او رسمجھا بھی اس موقع پر چئیرمین کمیٹی سینیٹر عتیق کو ٹھنڈا کرتے رہے چئیرمین نے کہا کہ اپنے بلڈ پریشرکوکنٹرول کریں ۔سینٹر عتیق نے کہاکہ میں سب کی عزت کرتا ہوں اور اپنی عزت کرانا جانتا ہوں ، سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ شیخ بھائی پتہ نہیں کس حالت میں گھر سے آیا ہے جس پر سب کھلکھلا اٹھے اور سینیٹر عتیق کاپارہ بھی نیچے اتر گیا سینٹر عتیق نے کہاکہ میں ڈر گیا تھا کہ یہاں ہی سرٹیفیکٹ مل گیا تو آگے کیا ہوگا۔