کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ جلد ہی نئے رہائشی منصوبوں کا آغاز کیا جائے گاپاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن اور ان کے منشور پر ہم عمل پیرا ہیں۔ غریب اور متوسط طبقے کے لوگوں کو سستے اور آسان اقساط پر رہائش کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ ماضی کے سندھ حکومت کے جن جن رہائشی منصوبوں میں تاخیر ہوئی ہے اب اس کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گالیاری ری سیٹلمینٹ پروجیکٹ اور بینظیر بھٹو ٹاؤن کے حوالے سے تمام تفصیلات 24 گھنٹوں میں طلب کی ہیں اور ان پر جلد ہی کام کا آغاز کردیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز لیاری ڈویلپمنٹ اتھارٹی لینڈ ڈپارٹمنٹ کے ہنگامی دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر صبح 9.00 بجے ایل ڈی اے لینڈ ڈپارٹمنٹ کے دفتر واقع مشرق سینٹر پہنچے اور وہاں افسران اور ملازمین کی حاضری کو چیک کیا اور جو ملازمین موجود نہیں تھے ان کی حاضری رجسٹرمیں غیر حاضری لکھتے ہوئے ان کی ایک دن کی تنخواہ کاٹنے کے احکامات بھی دئیے۔ اس موقع پر موجود افسران نے صوبائی وزیر بلدیات کو لیاری ری سیٹلمینٹ پروجیکٹ اور بینظیر بھٹو ٹاؤن کے حوالے سے آگاہی فراہم کی اور اس میں درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر نے ان دونوں منصوبوں میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کیا ۔