• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کالاباغ ڈیم کے مسئلے پرقومی یکجہتی کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے، یونس بونیری

کراچی(اسٹاف رپورٹر)عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکریٹری یونس خان بونیری نے کہا ہے کہ کالاباغ ڈیم ایک متنازعہ ڈیم ہے اور ملک کے تین صوبے اس کے خلاف ہیں، بار بار اس متنازعہ مسئلے کو چھیڑنے سے قومی یکجہتی کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے،کالا باغ ڈیم خیبر پختون خوا کو ڈبونے اورسندھ اور بلوچستان کو صحرا میں بدلنے کا منصوبہ ہے ٹھٹھہ سے لیکر کیٹی بندر کی زمین کا بڑا حصہ سمندر برد ہوچکا ہے زیریں سندھ کی زمینوں کا بڑا حصہ سیم و تھور کی وجہ سے بنجر ہوچکی ہے ، باچا خان مرکز سے جاری کردہ بیان میں اے این پی کے صوبائی جنرل سیکریٹری نے کہا ہے کہ ملک کے مخصوص حصے کو خوش کرنے کیلئے متنازعہ مسئلے کو اٹھانا کسی طور ملک کے مفاد میں نہیں، انہوں نے کہا کہ ملک کے چھوٹے صوبوں کی بار بار مخالفت کے باوجود اس مسئلے کو اٹھانا افراتفری اور نااتفاقی پیدا کرنے کے سوا کچھ نہیں، انہوں نے کہا کہ کالاباغ ڈیم کا شوشہ چھوڑنے کی بجائے ملک کے دوسرے سود مند ڈیم بنانے کیلئے سنجیدہ، فوری اور عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ملک میں توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے ذمہ دارانہ رویہ اپنانا ہو گا پورے ملک خاص طور پر صوبہ خیبر پختون خوا میں سستی بجلی پیدا کرنے کے بے شمار مواقع موجود ہیں لیکن بدقسمتی سے حکمرانوں کی عدم توجہی کی وجہ سے پانی ضائع ہو رہا ہے اور ملک کو توانائی بحران کا سامنا ہے، انہوں نے کہا کہ کالاباغ ڈیم جیسے متنازعہ منصوبے کے خلاف ملک کی تین صوبائی اسمبلیوں میں قراردادیں متفقہ طور پر منظور ہو چکی ہیں اس مسئلے کو بار بار اٹھانے سے گریز کیا جائے اور یہی ملک وقوم کے مفاد میں ہے۔
تازہ ترین