کراچی (اسٹاف رپورٹر) صبح نو لیڈیز نیشنل ٹینس ٹورنامنٹ 23 سے 27 ستمبر تک اسلام آباد کے پاکستان اسپورٹس بورڈ کمپلکس کے ٹینس کورٹس پر شروع ہوگا۔ ٹورنامنٹ کی انعامی رقم ڈھائی لاکھ روپے رکھی گئی ہے۔ پانچ روز تک جاری رہنے والے اس ٹورنامنٹ میں صرف خواتین کھلاڑی حصہ لیں سکیں گی۔ اس بات کا اعلان صبح نو کی چیئرپرسن شاہدہ کوثر فاروق نے میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں خواتین کے لیے خصوصی ٹینس ٹورنامنٹس کی تعداد نہ ہونے کہ برابر ہے اور یہ اعزاز صبح نو کو ہی حاصل ہے کہ اس نے خواتین کے لیے سب سے زیادہ ٹینس ٹورنامنٹس کی میزبانی کی ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ صبح نو کے حالیہ ٹورنامنٹ سے بھی خواتین کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ شاہدہ کوثر فاروق نے مزید کہا کہ پی ایس بی اسپورٹس کمپلکس کے ہارڈ کورٹس پر کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ میں خواتین کھلاڑی تین کیٹیگریز میں حصہ لے سکیں گی۔ جن میں لیڈیز سنگلز، لیڈیز ڈبلز اور گرلز جونئیر انڈر 18 شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ کی انعامی رقم 2 لاکھ 50 ہزار روپے رکھی گئی ہے جو تینوں کیٹیگریز میں پی ٹی ایف کے قوانین کے مطابق تقسیم کی جائے گی۔ صبح نو کی چئیر پرسن نے ایکخصوصی کیٹیگری کے تحت مقابلوں کا اعلان کیا ہے جس میں اخبارات، ٹی وی چینلز اور خبررساں اداروں سے وابستہ افراد حصہ لے سکیں گے۔ ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کے خواہش مند کھلاڑی اپنی انٹریز 22 ستمبر تک ٹورنامنٹ ریفری شہزاد اختر علوی یا صبح نو کے دفتر میں رابطہ کر کے بھجوا سکتے ہیں۔