کوئٹہ (سٹی ڈیسک ) آل کوئٹہ رکشہ یونین کے سینئر نائب صدر شاہ مراد یوسفزئی، ڈپٹی جنرل سیکرٹری طارق محمود، شوروم مالکان عبدالباری، فضل رحمان کاکڑ، فیض اللہ نورزئی اور دیگر نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ چند دنوں سے کوئٹہ شہر میں کوئٹہ رکشہ یونین کے نام سے منسوب یہ افواہیں پھیلا ئی جا رہی ہیں کہ رکشوں کے پرمٹس دوبارہ جاری کئے جائیں گے اور پرانے پرمٹس کو منسوخ کیا جائے گا جس کی وجہ سے بعض مالکان میں تشویش کی لہر دوڑ گئی اور وہ اپنے رکشے کم قیمت میں فروخت کر رہے ہیں رکشوں کے نئی پرمٹ کے اجراء کے حوالے سے پھیلائی گئی افواہوں سے چند نوسر باز فائدہ اُٹھا رہے ہیں ۔ کوئٹہ رکشہ یونین کے نمائندوں نے اس حوالے سے سیکرٹری آر ٹی اے کے دفتر سے رابطہ کیا جس پر انہوں نے اس امر کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے ایسی کوئی تجویز زیر غور نہیں ۔ اس ضمن میں تمام رکشہ مالکان ایسی کسی افواہ پر کان نہ دھرتے ہوئے اپنے کاروبار کو نقصان سے بچائیں اور آل کوئٹہ رکشہ یونین کے عہدیداروں سے رابطہ کریں۔