• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

’’ٹی پارٹی‘‘ آج چائے کے ساتھ کباب، پکوڑے اور سینڈوچ ہوجائیں

موسم سُہانا ہو، تو ہلّا گُلا کرنے اور روٹین سے ہٹ کرکچھ کھانے پینےکا مَن کرتا ہے،تو کیا خیال ہے، آج شام کی چائے پر کچھ خاص اہتمام نہ کرلیا جائے، تو پھر دیر کس بات کی؟ لیجیے، چند لذیذ، اسپائسی لوازمات کی تراکیب حاضرِ خدمت ہیں۔

سیخ کباب

اجزاء:گوشت(بغیر ہڈی کا) آدھا کلو، چرونجی ایک چائے کا چمچ، خشخاش اور کھوپرے کا پیسٹ ایک ایک چائے کا چمچ، بادام آٹھ عدد(پیسٹ بنالیں)، چنوں کا پائوڈردو چائے کے چمچ، پیاز دو عدد(باریک کاٹ لیں)،دہی ایک پاؤ،انڈا ایک عدد(صرف سفیدی پھینٹ لیں)،کارن فلورآدھا کپ اور تیل۔

ترکیب: سب سے پہلے گوشت دھو کر قیمہ بنالیں۔پھرتمام مسالے بھون کر پیس لیں اور قیمے میں شامل کرکے 15سے 20منٹ کے لیے میری نیٹ کرلیں۔ اس دوران پیاز فرائی کرکے پیس لیں۔اب آدھا پائو دہی ململ کے کپڑے میں ڈال کرنچوڑ لیںاور اس کا پانی قیمے میں مکس کردیں۔پھر انڈے کی سفیدی میں کارن فلور بھی اچھی طرح مکس کرکے اسے بھی قیمے میں شامل کردیں۔قیمے والے آمیزےکویک جان کریں اورسلاخوں پر تیل لگا کرسیخ کباب کی شیپ میں لپیٹنا شروع کردیں۔جب تمام سیخوں پر قیمہ لگ جائے، تو ایک ساتھ انگیٹھی پر رکھیں اور پلٹتے ہوئےلیموں کا رس اور تیل ٹپکائیں۔خیال رہے کہ کوئلے کی آگ زیادہ تیز نہ ہو۔ جب سیخ کباب سُرخ ہوجائیں، تو ہاتھ پر کپڑا لپیٹ کر یا دستانے پہن کر اُتار لیں۔ املی کی چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔

(ممتاز سلطانہ،حیدرآباد)

چائنیز پکوڑے

اجزاء : چکن بون لیس ایک پائو(چھوٹے کیوبزکرلیں)،شملہ مرچ ایک پاؤ(کیوبز میں کاٹ لیں)،بند گوبھی ایک پاؤ(باریک کَٹی ہوئی)،گاجر (کدّوکش کی ہوئی)ایک پائو، ہری پیازایک پائو، انڈے چار عدد،سویاساس چھے چائے کے چمچ،نمک حسبِ ضرورت،لہسن، ادرک کا پیسٹ آدھا چائے کا چمچ، کالی مرچ( پِسی ہوئی) آدھا چائے کا چمچ، میدہ آدھا کلو، چکن پائوڈرایک پیکٹ اور تیل۔

ترکیب: سب سے پہلے چکن کیوبزمیں لہسن، ادرک کا پیسٹ، نمک، سویاساس اور کالی مرچیں چھڑک کر مکس کریں اور آدھے گھنٹے کے لیےمیری نیٹ کرلیں۔اس دوران انڈے پھینٹ کر اس میں حسبِ ضرورت کالی مرچ، چکن پاؤڈر اور سویا ساس مکس کرلیں۔اب میدہ گھول کر اس میں سبزیاں اور ہری پیاز شامل کردیں۔پھر انڈے اور چکن والا آمیزہ بھی شامل کردیں۔اچھی طرح یک جان کرکے ،تیل گرم کریں اورپکوڑے تل لیں۔

(بینا تبسم)

مایو ایگ سینڈوچ

اجزا:انڈے چار عدد(اُبال لیں)، ڈبل روٹی ایک پیکٹ، مایونیز ایک کپ، کالی مرچ ایک کھانے کا چمچ اور نمک حسبِ ضرورت۔

ترکیب:پہلےانڈے باریک کاٹ لیں۔پھر اس میں دیگر اجزاء بھی شامل کرلیں۔اب ڈبل روٹی کے ایک سلائس پر آمیزہ لگاکر اس پر دوسرا سلائس رکھ دیں۔ اسی طرح سارے سینڈوچیز تیار کرلیں۔آخر میں تکون شیپ میں کاٹ کر مزے دار مایو ایگ سینڈوچ شام کی چائے کے ساتھ سرو کریں۔(عطیہ کنول، سکرنڈ)

تازہ ترین
تازہ ترین