• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشیا کپ،حسن علی سمیت دو افغان کر کٹرز پر بھی جرمانے

دبئی(نمائندہ خصوصی)انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نےایشیا کپ میں پاکستان اور افغانستان کے میچ میں ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے پر پاکستان ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی اور افغانستان ٹیم کے کپتان اصغر افغان اور لیگ اسپنر راشد خان پر میچ فیس کا 15,15فیصد جرمانہ عائد کیا ہے۔ابوظہبی میں ایشیا کپ کے سپرفور مرحلے میں پاکستان اور افغانستان کے میچ کے درمیان ضابطہ اخلاق کے درجہ بندی اول کی خلاف ورزی پر تینوں کھلاڑیوں کے ایک، ایک منفی پوائنٹس بھی دیےگئے ہیں۔میچ کے بعد تینوں کرکٹرز نے ریفری اینڈی پائی کرافٹ کے سامنے اپنا قصور تسلیم کرلیا۔ اس لئے کسی سماعت کے بغیر تینوں کو جرمانے اور دی میرٹ پوائنٹس کی سزا سنادی گئی۔حسن علی اور اصغر کھلاڑیوں کے لیے بنائے گئے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.1.1 کی خلاف ورزی کرتے پائے گئے جبکہ راشد خان نے آرٹیکل 2.1.7 کی خلاف ورزی کی تھی۔آرٹیکل 2.1.1 میں ’کھیل کی روح کی خلاف ورزی‘ کرنے جبکہ آرٹیکل 2.1.7 میں ’نامناسب زبان، رویے یا اشاروں‘ کے خلاف استعمال ہوتا ہے۔آئی سی سی کے بیان کے مطابق افغانستان کی اننگز کے 33 ویں اوور میں پاکستانی بولر حسن علی نے بیٹسمین حشمت اللہ شاہدی کو گیند پھینک کر ڈرانے کی کوشش کی، جو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔اسی طرح ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے افغانستان کے کپتان اصغر نے 37 ویں اوور میں رنز بناتے وقت حسن علی کو کندھا مارا جبکہ پاکستان کی اننگ کے 47 ویں اوور میں راشد خان نے بلے باز آصف علی کو آؤٹ کرکے انگلی سے واپس جانے کا اشارہ کیا تھا۔میچ کے دوران پیش آنے والے واقعات پر فیلڈ امپائر انیل چوہدری اور شوان جیورج، تھرڈ امپائر روڈ ٹکر اور فورتھ امپائر انیس الرحمٰن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کو رپورٹ کیا۔بعد ازاں تینوں کھلاڑیوں نے اپنی غلطی کو تسلیم کیا، جس کے بعد آئی سی سی میچ ریفریز کے امریٹس الیٹ پینل کے رکن اینڈی پےکروفٹ نے ان پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ اور ایک، ایک منفی پوائنٹ دیا۔واضح رہے کہ پاکستانی کھلاڑی حسن علی اور افغان کھلاڑی راشد خان کو پہلی مرتبہ پوائنٹس میں تنزلی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ افغان کپتان اصغر کو 2 سال کے دوران دوسری مرتبہ منفی پوائنٹس کا سامنا کرنا پڑا۔

تازہ ترین