• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کے حکم پر وزارت صحت نے بارہ رکنی ہیلتھ ٹاسک فورس قائم کر دی

اسلام آباد (صباح نیوز) وزیراعظم عمران خان کے حکم پر وزارت صحت نے بارہ رکنی ہیلتھ ٹاسک فورس قائم کر دی، ٹاسک فورس دو حصوں پر مشتمل ہے۔ ایک ہیلتھ اور دوسری نرسنگ کے حوالے سے اپنی تفصیلی رپورٹ جمع کرائے گی۔ دستیاب دستاویز کے مطابق وزیراعظم کے زیرصدارت ہونے والے کابینہ اجلاس کہ جس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ شعبہ صحت میں اصلاحات کے لئے ایک ٹاسک فورس بنائی جائے گی پر عملدرآمد کرتے ہوئے وفاقی وزارت قومی صحت نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ٹاسک فورس کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ۔ شعبہ صحت کو دیکھنے کے لئے آٹھ ممبران ہوں گے جو اپنی تفصیلی رپورٹ، سفارشات جمع کریں گے۔ ان آٹھ ارکان میں پروفیسر نوشیروان برکی، ڈاکٹر فیصل سلطان، پروفیسر عبدالباری خان، پروفیسر ایم حمید زمان، لطیف شیخ، پروفیسر ذوالفقار بھٹہ اور سیکرٹری نیشنل ہیلتھ شامل ہوں گے جبکہ دوسرے نرسنگ شعبے میں پروفیسر ڈاکٹر رئیس گل، مس شاہین غنی، پروفیسر ڈاکٹر رفعت جان، مس ریحانہ الٰہی اور سیکرٹری نیشنل ہیلتھ شامل ہیں۔ ٹاسک فورس کا مقصد شعبہ صحت کی حالیہ صورتحال کا مکمل جائزہ لینا اور پرانے اعداد و شمار کا تجزیہ کرنا ہے۔ اس کے ساتھ ان کو اختیار دیا گیا کہ وہ ڈینٹل نرسنگ پر بھی اپنی رپورٹ بنا سکتے ہیں۔ ٹاسک فورس کو ہدایت کی گئی کہ وہ شعبہ صحت میں بہتری کے حوالے سے ہر سمت پر اپنی جائزہ رپورٹ بنائیں اور اس میں بہتری کے لئے اقدامات کی سفارش کریں۔ ٹاسک فورس کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنی سفارشات جلد از جلد متعلقہ حکام کو دیں تاکہ شعبہ صحت میں جلد از جلد اصلاحات کا عمل آگے بڑھایا جا سکے۔
تازہ ترین